0
Thursday 16 Jun 2011 09:34

ایک سازش کے تحت پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، محمد حسین محنتی

ایک سازش کے تحت پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، محمد حسین محنتی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ترکی کے عوام نے جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کو تیسری مرتبہ تاریخی کامیابی سے ہمکنار کر کے کمال اتاترک کے فکر فلسفے اور سیکولرازم کو مسترد کر دیا ہے۔ ترکی کی جسٹس پارٹی نے جس بالغ نظری اور دور اندیشی سے اسلام کی سربلندی کیلئے کام کیا ہے وہ ہمارے لئے بھی مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی میں تیسری مرتبہ جسٹس پارٹی کی کامیابی پر ادارہ نور حق میں نماز شکرانہ کی ادائیگی کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ ترکی میں جسٹس پارٹی کی کامیابی سے پاکستانی عوام کو بھی بڑا حوصلہ ملا ہے۔ آج پوری دنیا میں حسن البنا شہید اور مولانا سید ابولااعلی مودودی کے فکری چراغ روشن ہو رہے ہیں جس سے تاریکی کا ماحول چھٹ رہا ہے۔ نجم الدین اربکان نے ترکی میں اسلام کی سربلندی کی جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا وہ جدوجہد آج رنگ لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمال اتاترک نے اسلام کے خلاف سازش کی اور ترکی کو ایک سیکولر ریاست بنانے کی کوشش کی اور اسلام کا نام لینا جرم قرار دیا مگر آج ترکی کے عوام نے کمال اتاترک کے فکر اور فلسفے کو مسترد کر دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ وہ اسلام کے علاوہ کسی اور نظام کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک عوام نے سیکولرازم کو مسترد کر کے اسلام کے حق میں ووٹ دے کر اسلام سے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے مگر ایک سازش کے تحت پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ ہم بھی پاکستان میں اسلام کی سربلندی کیلئے کوشاں ہیں اور ملک کے نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ ایک ایک فرد تک اسلام کی دعوت پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ آج کفر متحد ہو چکا ہے ہمیں بھی متحد ہونا پڑے گا ہم ایٹمی پاور ہیں مگر المیہ یہ ہے کہ ہمارے حکمران امریکا کی غلامی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں تبدیلی آ رہی ہے مسلم امت بیدار ہو چکی ہے وہ وقت دور نہیں جب امریکی غلام حکمرانوں سے امت کو نجات ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 79179
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش