0
Thursday 16 Jun 2011 09:45

علاقائی امن و خوشحالی کیلئے پاکستان، شنگھائی تنظیم ممالک سے ملکر کام کرے گا، صدر زرداری

علاقائی امن و خوشحالی کیلئے پاکستان، شنگھائی تنظیم ممالک سے ملکر کام کرے گا، صدر زرداری
 آستانہ:اسلام ٹائمز۔ صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی قیام امن، خوشحالی کے فروغ اور دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے ساتھ ملکر کام کریگا۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ تنظیم کی مکمل رکنیت کیلئے پاکستان کی درخواست پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائیگا، پاکستان امن و ترقی کیلئے تمام ایس سی او پروگراموں کیساتھ مکمل وابستگی کا ارادہ رکھتا ہے اور علاقائی رابطے اور تجارت کے فروغ کیلئے ایس سی او اقدامات میں شرکت چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں ایس سی او کی دسویں سالگرہ پر سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جبکہ اس موقع پر صدر زرداری کی تاجک صدر امام علی رحمانوف اور ایرانی صدر احمدی نژاد سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں۔ صدر زرداری نے گزشتہ دہائی میں خطہ کے امن و ترقی کیلئے ایس سی او کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ افغانستان نے ایس سی او میں مبصر کا درجہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند پیشرفت ہے۔ 
قازقستان کے صدر نور سلطان نذربایوف نے سربراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ایس سی او نے 2001ء میں اپنے قیام کے بعد علاقائی سلامتی اور ترقی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے تعلیم، صحت عامہ، ماحولیاتی، غذائی تحفظ، تربیت اور امن مشنزکے شعبہ جات میں ایس سی او رکن ممالک کے مابین اشتراک کار کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی صدر ہو جنتاؤ نے ایس سی او کے انسداد دہشتگردی ڈھانچے جیسے ادارہ جاتی طریقہ کار کو تقویت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین ایس سی او ممالک نے منصوبوں کیلئے 12 ارب ڈالر سے زائد کے رعایتی قرضے دینے کا وعدہ کیا ہے اور وہ افغانستان کی تعمیرنو میں سرگرمی سے حصہ لے رہا ہے۔ روس کے صدر دیمتری میدودف نے کہا کہ روس ایس سی او اور افغانستان کے درمیان قریبی اشتراک کار چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او یونیورسٹی کے منصوبے کو توسیع دینی چاہئے۔ تاجک صدر امام علی رحمانوف نے افغانستان میں تعمیرنو کیلئے مربوط کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ ایس سی او کو اپنے اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا چاہئے۔ ازبک صدر اسلام کریموف نے افغانستان میں سیاسی تصفیہ کے ذریعے تنازعہ کو حل کرنیکی ضرورت پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 79180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش