QR CodeQR Code

رمضان المبارک میں پولیس ڈپلائمنٹ کو نمایاں اور ہر سطح پر مؤثر بنایا جائے، آئی جی سندھ

2 May 2019 21:31

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ ماہ صیام سے قبل ہی صوبے بھر میں اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ، ناکہ بندی اور دیگر تمام سکیورٹی امور کو ہر لحاظ سے غیر معمولی اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کی زیر صدارت ماہ صیام کے دوران سکیورٹی و ٹریفک اقدامات کے حوالے سے ایک اعلٰی سطح ویڈیو کانفرنس اجلاس ہوا، جس میں تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، اے آئی جیز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ ماہ صیام سے قبل ہی صوبے بھر میں اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ، ناکہ بندی اور دیگر تمام سکیورٹی امور کو ہر لحاظ سے غیر معمولی اور نتیجہ خیز بنایا جائے، جبکہ دوران اسنیپ چیکنگ موٹرسائیکل پر ڈبل سواروں کو لازماً چیک کیا جائے، تاہم خواتین، بچے اور معمر حضرات اس سے مستثنٰی ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک سے قبل ہی تمام مساجد، امام بارگاہوں، نماز تراویح کے دیگر کھلے مقامات کی فہرستوں اور انکے منتظمین کی تفصیلات کا از سرنو جائزہ لیکر تمام تر ضروری سکیورٹی اقدامات کو ناصرف جامع اور فول پروف بنایا جائے، بلکہ سکیورٹی کی مجموعی ڈپلائمنٹ کو بھی مزید سخت، متحرک اور مستعد کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کے دوران ٹریفک کے مجموعی اقدامات کو بھی غیر معمولی بنانے کیلئے جملہ امور کو مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔

اس موقع پر اے آئی جی آپریشنز سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ ماہ صیام سے قبل ہی جرائم کیخلاف منظم اور مربوط کریک ڈاؤن کے دوران سندھ بھر کے مختلف اضلاع و تھانہ جات میں جاری اسنیپ چیکنگ، ناکہ بندی، پیٹرولنگ، چھاپوں کے دوران گذشتہ تین دنوں میں مجموعی طور پر پولیس نے 66 مفرور و اشتہاریوں سمیت 293 ملزمان کو گرفتار کرکے 38 پستول 2 شاٹ گنز، 2 ہینڈ گرنیڈ، 26 موبائل فونز، تین کاریں، 24 موٹر سائیکلیں، 51 کلو 266 گرام چرس سمیت بڑی تعداد میں گٹکا، ماوا، مین پوری و دیگر منشیات کے ساتھ ساتھ نقدی وغیرہ بھی برآمد کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ تین روز میں سندھ بھر کے مختلف اضلاع و تھانہ جات کی حدود میں مجموعی طور پر 4104 اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ پوائنٹس پر 3658 گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 791881

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/791881/رمضان-المبارک-میں-پولیس-ڈپلائمنٹ-کو-نمایاں-اور-ہر-سطح-پر-مؤثر-بنایا-جائے-آئی-جی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org