0
Friday 3 May 2019 00:44

تحریک حمایت مظلومین کی احتجاجی گرفتاری پر ایم ڈبلیو ایم کا ہنگامی اجلاس، چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کا مطالبہ

تحریک حمایت مظلومین کی احتجاجی گرفتاری پر ایم ڈبلیو ایم کا ہنگامی اجلاس، چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت میں تحریک حمایت مظلومین گلگت بلتستان کے رہنماؤں کی احتجاجی گرفتاری پر ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس کا انعقاد اسکردو میں ہوا۔ اجلاس میں تحریک حمایت مظلومین کی چارٹر آف ڈیمانڈ پر فوری طور پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ تحریک حمایت مظلومین گلگت بلتستان کا مطالبہ پورے گلگت بلتستان کا مطالبہ ہے، قبل اس کے کہ جیلوں میں جگہ کم پڑ جائے ارباب اقتدار کو فوری طور اقدامات اٹھانا چاہیئیں، تحریک مظلومین کا مطالبہ جی بی کے ہر فرد کا مطالبہ ہے۔ چارٹر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حالیہ فیصلے کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام کو تمام تر بنیادی انسانی حقوق دیئے جائیں اور سپریم اپیلٹ کورٹ و چیف کورٹ کے ججز کی تعیناتی کے حوالے سے غیرقانونی طریقے ختم کرکے جوڈیشل کمیشن کے تحت ججز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک حمایت مظلومین کا یہ مطالبہ بھی پورے گلگت بلتستان کے عوام کا مطالبہ ہے کہ خطے کی زمین اور جنگلات پر عوام کا حق تسلیم کیا جائے اور خالصہ سرکار کے نام پر ناجائز قبضے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ اسی طرح اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، لہٰذا انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 13 اکتوبر 2005ء کی جوڈیشل انکوائری منظر عام پر لائی جائے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ تحریک حمایت مظلومین گلگت بلتستان کے ان تمام مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور پورے خطے میں ان مطالبات کی بازگشت سنائی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے عوام تیار اور آمادہ رہیں حکومتی مظالم اور غیر قانونی ہتھکنڈے حد سے گزر گئے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 791893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش