0
Friday 3 May 2019 17:43

لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ایم ڈبلیو ایم کا لاہور میں احتجاج

لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ایم ڈبلیو ایم کا لاہور میں احتجاج
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں ملت جعفریہ کے جبری گمشدہ افراد  کے لواحقین کے صدارتی کیمپ آفس کے سامنے 6 دن سے جاری دھرنے اور ان کے مطالبات کی حمایت میں ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین لاہور علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ ہم حکومت اور ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ مسنگ پرسنز کے مسٸلے کو فوری حل کیا جاٸے تاکہ ملک سے ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک جمہوری ملک میں رہتے ہیں، جہاں احتجاج کرنا یا اختلاف راٸے کا اظہار کرنا ہمارا جمہوری حق ہے لیکن ریاستی اداروں میں موجود متعصب افراد بے گناہ لوگوں کو اغوا کر کے قاٸد اعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے پُرامن رہے اور پر امن رہیں گے کیوں کہ یہ ملک کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعظم اور آرمی چیف سمیت ریاستی اداروں میں بیٹھے ذمہ داران ان بوڑھی ماٶں اور بیٹیوں کے دکھوں کا مداوا کریں اور لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جاٸے۔ ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی رہنما حنا تقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملت جعفریہ کے جبری گمشدہ افراد کے اہلِخانہ کے مطالبات آرٹیکل 10 اور 10-A کے عین مطابق ہیں، گمشدگان کی بازیابی و ان کی حفاطت ریاست کی قانونی ذمہ داری ہے، صدر و وزیر اعظم فوری طور پہ گمشدگان کہ اہلخانہ کہ مطالبات کو پورا کرائیں۔

مظاہرے کے شرکاء نے اپیل کی کہ معصوم بچے، مائیں، بہنیں، بیٹاں شاہراؤں پہ کھلے آسمان تلے 6 روز سے مسلسل سراپا احتجاج ہیں، ان کی داد رسی کی جائے اور ریاست کو کوئی فرد کسی جرم میں مطلوب ہے تو اس کو عدالتوں میں پیش کرکے اسکا ٹرائل کریں لیکن غیر قانونی گمشدگی آئین و قانون کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما رائے ناصر علی، رانا ماجد، سجاد نقوی، نجم خان سمیت کثیر تعداد میں مرد خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 792011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش