0
Friday 3 May 2019 19:57

پی ٹی آئی کے 23 سالہ ڈرامے کی حقیقت آئے روز عوام کے سامنے عیاں ہو رہی ہے، پی پی پی ملتان

پی ٹی آئی کے 23 سالہ ڈرامے کی حقیقت آئے روز عوام کے سامنے عیاں ہو رہی ہے، پی پی پی ملتان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان شہر کے صدر ملک نسیم لابر، ضلعی جنرل سیکرٹری رائو ساجد علی، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ، پی ایل ایف جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ، پی وائے او جنوبی پنجاب کے صدر سید عارف شاہ، ملتان سٹی کے ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن و انچارج میڈیا سیل خواجہ عمران، ضلعی رابطہ سیکرٹری عبدالروف لودھی، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن رئیس الدین قریشی، خواتین ونگ ملتان ڈویژن کی صدر شگفتہ حبیب، خواتین ونگ ملتان سٹی کی صدر عابدہ بخاری، نائب صدور ملتان، ساجد بلوچ، حاجی خلیل راں، نعیم شہزاد بھٹی، ملک رمضان کمبوہ، عمران سمرا، مطلوب بخاری، شبیر قریشی، شیخ فرحان و دیگر نے پریس کلب ملتان میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہیں۔ ''قدم بڑھائو بلاول بھٹو زرداری '' ہم تمہارے ساتھ ہیں، موجودہ نااہل و نالائق حکومت اٹھارہویں ترمیم اور صوبائی خود مختاری کے خاتمے پر جو سازشیں کر رہی ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ان کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اٹھارہویں ترمیم اور صوبائی خود مختاری کا خاتمہ کسی صورت نہیں ہونے دے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت سیاسی و سماجی حوالے سے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، عوام پر بے پناہ مہنگائی کا بوجھ، بجلی و گیس کے بلوں میں اضافہ اور آئے روز روزمرہ کی اشیاء میں اضافہ عوام کے لئے دردِ سر بنتا جا رہا ہے، غریب اور چھوٹے طبقات جن میں مزدور و کسان اور چھوٹے ملازمین شامل ہیں، اس حکومت نے ان سب طبقات پر مہنگائی کی صورت میں آئے روز معاشی بم گرا کر ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم طبقات کی نمائندگی کی ہے اور کرتی رہے گی، اب بھی اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف عوام کے ساتھ مل کر عوامی تحریک کا آغاز کر رہی ہے، اس سلسلے میں کل بروز ہفتہ کچہری چوک پر پیپلزپارٹی ملتان سٹی و ضلع کی تنظیم بشمول الائیڈ ونگز اپنے کارکنان کے ہمراہ بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے کروڑوں نوجوانوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا جو وعدہ کیا تھا، وہ سب جھوٹ کا پلندہ نکلا اور کروڑوں پختہ گھروں کی تعمیر کا وعدہ بھی جھوٹا نکلا، یعنی ثابت ہوچکا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی اور اس کی کابینہ جھوٹ اور پرپیگنڈہ کی سیاست کو اپنا منشور بنا چکی ہے۔

پی ٹی آئی کے 23 سالہ ڈرامے کی حقیقت آئے روز عوام کے سامنے عیاں ہو رہی ہے، اس وقت سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی ملکی مفاد کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن چکے ہیں، وزیراعظم عمران احمد نیازی آے روز این آر او کا ذکر کرتے ہیں، بتائیں تو سہی ان سے این آر او مانگا کس نے ہے؟ بلکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعظم عمران احمد نیازی اپنے چہیتے جہانگیر ترین اور علیمہ باجی کو این آر او دینے پر قوم سے معافی مانگیں۔ ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ جنوبی پنجاب کی عوام سے الگ صوبہ بنانے کا جو وعدہ کیا گیا تھا اسے پورا کیا جائے، پیپلزپارٹی ہمیشہ جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آج بھی جنوبی پنجاب کے حقوق کے لئے عوام کے ساتھ ہے۔ موجودہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی حکومت کو چلانے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں، اس لئے پاکستان پیپلزپارٹی کا ہر عہدیدار، ہر ورکر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 792037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش