QR CodeQR Code

آزاد صحافت معاشرے میں قانون و انصاف کی حکمرانی کا باعث بنتی ہے، راشد ربانی

3 May 2019 20:33

عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر ایک بیان میں پی پی رہنما نے کہا کہ آمریت کے دور میں یا ملک کو درپیش کسی بحرانی کیفیت میں صحافیوں نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملک کو طوفانی کیفیت سے آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور سابق سینیٹر راشد حسین ربانی نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور تسلسل کو قائم رکھنے میں صحافیوں کا کردار قابل تحسین ہے، صحافیوں نے اپنے قلم اور زبان کے ذریعے حق اور سچ کا پرچار کرکے عوام کو وقتاً فوقتاً آگہی دیتے ہوئے اپنا ریاست کا چوتھا ستون ہونے کا فریضہ بخوبی سر انجام دیا اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ راشد حسین ربانی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو اور اب بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کی تمام قیادت نے آزادی صحافت کی حمایت کی کیونکہ ہماری پارٹی کا نظریہ ہے کہ آزاد صحافت معاشرے میں قانون و انصاف کی حکمرانی کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت نے ہمیشہ جمہوری اقدار کو مضبوط و مستحکم بنایا ہے، ہم نے صحافی اور صحافت کے تحفظ کیلئے عملی اور مثبت اقدامات اٹھائے جو کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ راشد حسین ربانی نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کو انکے جائز حقوق کی فراہمی اور فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے ہیں اور مستقبل میں بھی کئی پروگرام اور اسکیمیں زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کے دور میں یا ملک کو درپیش کسی بحرانی کیفیت میں صحافیوں نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملک کو طوفانی کیفیت سے آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔   


خبر کا کوڈ: 792049

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/792049/آزاد-صحافت-معاشرے-میں-قانون-انصاف-کی-حکمرانی-کا-باعث-بنتی-ہے-راشد-ربانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org