QR CodeQR Code

سختی کے دنوں میں ایران کا ساتھ دینے والے ممالک کو نہیں بھولیں گے، محمد جواد ظریف

3 May 2019 22:48

ایرانی وزیر خارجہ نے عرب نیوز چینل "الجزیرہ" کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایران پر امریکی پابندیاں اقتصادی دہشتگردی ہے جبکہ ایران تیل کی برآمدات جاری رکھے گا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عرب نیوز چینل "الجزیرہ" کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں، جو 4 مئی کے دن نشر کیا جائے گا، کہا ہے کہ ایران پر امریکی دباؤ اقتصادی دہشتگردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ (مائیک) پمپیو اور دوسرے حکومتی عہدیداروں کی ایرانی عوام پر دباؤ بڑھانے کی کوششوں کا مقصد یہ ہے کہ ایرانی عوام اپنی سیاست تبدیل کر لیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ بہت سے ممالک نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کو غیر قانونی قرار دیا ہے، البتہ ان کی بڑی کمپنیاں شاید امریکی دھمکیوں کی وجہ سے محتاط رویہ اختیار کریں، لیکن میرا خیال نہیں کہ وہ درمیانی یا طویل مدت کے لئے اپنا یہ رویہ برقرار رکھ سکیں گی، البتہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ممالک امریکی پابندیوں کے حامی ہیں یا انہیں قانونی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران تیل کی برآمدات کو یونہی جاری رکھے گا اور نئے گاہک ڈھونڈتا رہے گا، جبکہ آج کے سخت دنوں میں ہمارے ساتھ تعاون کرنے والے ممالک کو ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ جو بات سب سے اہم ہے، یہ ہے کہ امریکی پابندیاں نہ قانونی ہیں اور نہ ہی کوئی اثر رکھتی ہیں۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے دو ہفتے قبل ہی یہ اعلان کیا تھا کہ کچھ ممالک کو ایرانی تیل کی خریداری کے لئے دیا گیا استثناء جو یکم مئی 2019ء کو ختم ہونا تھا، میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، جبکہ واشنگٹن نے اپنے اس اقدام کے مقصد کو ایرانی تیل کی برآمدات کو سرے سے ختم کرنا قرار دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 792071

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/792071/سختی-کے-دنوں-میں-ایران-کا-ساتھ-دینے-والے-ممالک-کو-نہیں-بھولیں-گے-محمد-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org