0
Saturday 4 May 2019 07:21

اگر یاسین ملک کو کچھ ہوگیا تو حکومت ذمہ دار ہوگی، اہل خانہ

اگر یاسین ملک کو کچھ ہوگیا تو حکومت ذمہ دار ہوگی، اہل خانہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک کی صحت کے بارے میں ’’انتہائی فکر مندی‘‘ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ نے کہا  ہے کہ یاسین ملک کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ دہلی کے تہاڑ جیل میں نظربند محمد یاسین ملک کے اہل خانہ نے یاسین ملک کی ناساز صحت اور دوران قید علالت پر سخت خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کیوں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔؟ انہوں نے کہا کہ ہم ان کی سلامتی سے متعلق فکرمند ہیں، وہ جیل میں زیادہ وقت تک زندہ نہیں رہ سکتے۔

25 اپریل کو دہلی کے تہاڑ جیل میں یاسین ملک سے ملاقات کرنے کے بعد جمعہ کو سرینگر کے مائسمہ علاقے میں محمد یاسین ملک کی والدہ اور ہمشیرہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے انکی صحت اور سلامتی کے لئے دعائیں کرنے کی اپیل کی۔ محمد یاسین ملک کو 24 مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پر دیا گیا ہے۔ ملاقات کے حوالے سے جانکاری فراہم کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب وہ تہاڑ جیل پہنچے تو انہیں بتایا گیا یاسین ملک اس وقت یہاں نہیں ہیں بلکہ انہیں کسی اسپتال میں میڈیکل چیک اپ کے لئے لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے جب انہوں نے اسپتال کے پتہ کا  استفسار کیا تاکہ رشتہ دار اسپتال میں انہیں مل سکیں، تاہم انہیں معلومات فراہم نہیں کی گئیں، صرف یہ بتایا گیا کہ یاسین ملک ایک فوجی اسپتال میں ہیں جہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔ یاسین ملک کی ہمشیرہ نے بتایا جب جیل حکام کی نوٹس میں یہ بات لائی گئی کہ گزشتہ 2 ماہ سے اہل خانہ نے ملاقات نہیں کی ہے تو جیل حکام نے اسی روز شام کو آنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے وقت جب وہ دوبارہ جیل پہنچے تو محمد یاسین ملک کو اسپتال سے واپس لایا جارہا تھا۔ پانچ پنجروں کے پیچھے انہیں یاسین ملک سے ملنے کی اجازت دی گئی۔ یاسین ملک کی ہمشیرہ نے بتایا کہ جیل حکام نے مطلع کیا کہ محمد یاسین ملک اسپتال میں تھے جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں کچھ بیماروں نے گھیر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کو جیل کی ایک تنگ کوٹھری میں تنہا رکھا گیا ہے جہاں وہ تمام سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک نے چند کتابیں طلب کی تھیں، تاہم جیل حکام نے اس کی اجازت نہیں دی۔
خبر کا کوڈ : 792107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش