0
Saturday 4 May 2019 17:34

افغانستان، اتحادی افواج کا فضائی آپریشن میں 43 دہشتگرد مارنے کا دعویٰ

افغانستان، اتحادی افواج کا فضائی آپریشن میں 43 دہشتگرد مارنے کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں اتحادی افواج نے فضائی حملے میں 43 داعش جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے جب کہ طالبان کے پولیس چیک پوسٹوں پر حملے میں 7 اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان صوبے کنڑ میں اتحادی افواج نے فضائی بمباری میں داعش جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 43 جنگجو ہلاک ہوئے۔ یہ ہلاکتیں کنڑ میں دو مختلف مقامات پر فضائی بمباری کے نتیجے میں ہوئیں۔ افغان فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے کنڑ کے ضلع چھاپرا میں کیے گئے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں جنگجوؤں میں سے اکثریت بیرون ملک سے آئے ہوئے افراد کی ہے۔ ان علاقوں میں تاحال شدت پسند جماعتیں متحرک ہیں۔ دوسری جانب افغان طالبان نے بادغیس کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ قاضی کے علاقے میں طالبان حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ ان علاقوں میں افغان سکیورٹی فورسز کی مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عظم مشاورتی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی نے 175 طالبان جنگجوؤں کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے امن مذاکرات کے تناظر میں مشروط جنگ بندی کا عندیہ دیا تھا تاہم اس پر طالبان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 792226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش