QR CodeQR Code

فلسطینی مزاحمت کا تل ابیب کو بھرپور جواب، اسرائیلی صنعتی زونز راکٹوں کے نشانے پر

4 May 2019 23:30

فلسطینی مزاحمتی تحریکوں نے غزہ کی پٹی اور دوسرے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی حملوں کا دسیوں راکٹوں سے جواب دے کر اپنی دفاعی توانائی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔


اسلام ٹائمز - غزہ کی پٹی سمیت مختلف فلسطینی علاقوں پر آج بعد از ظہر سے شروع ہونے والے غاصب اسرائیلی رژیم کے حملوں اور ان کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کی طرف سے فائر کئے جانے والے راکٹوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق غاصب اسرائیلی جنگی جہازوں نے غزہ کی پٹی میں واقع مزاحمتی تحریک "بدر" کی ایک چوکی کو نشانہ بنایا جبکہ مزاحمتی تحریکوں نے بھی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ان حملات کا جواب دیتے ہوئے غاصب یہودی آبادکاروں کی مختلف آبادیوں پر دسیوں راکٹ برسائے۔

اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی شہر "قدس" کے نزدیک واقع اسرائیلی شہروں بیت شمیش، بئر السبع، اشدود، سدیروت اور عسقلان میں خطرے کے الارم بجتے رہے جبکہ غاصب صیہونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے غزہ میں واقع فلسطینی مزاحمتی تحریکوں "حماس" اور "فلسطینی اسلامی تحریک" سے متعلق 30 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی خبروں کی ویب سائٹ "واللا" نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کی قریبی سرحد پر موجود تمام فوجیوں کو "اغواء نہ ہونے" کے بارے خبردار کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے ہاتھوں اغوار کر لئے جانے کی نسبت ہوشیار رہیں۔

ایک اور نیوز ایجنسی کی طرف سے نشر کی گئی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی جنگی جہازوں نے مذکورہ بالا مقامات کے علاوہ غزہ کی پٹی کے جنوبی حصے میں "خان یونس" اور  "رفح" کے مغرب میں واقع دو مزاحمتی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق تازہ اسرائیلی حملوں میں ایک فلسطینی شہید اور سات سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔


 


خبر کا کوڈ: 792296

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/792296/فلسطینی-مزاحمت-کا-تل-ابیب-کو-بھرپور-جواب-اسرائیلی-صنعتی-زونز-راکٹوں-کے-نشانے-پر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org