0
Sunday 5 May 2019 20:15

گورنر انتظامیہ نے کشمیریوں کو ستانے کی تمام حدیں پار کردیں ہیں، انجینئر رشید

گورنر انتظامیہ نے کشمیریوں کو ستانے کی تمام حدیں پار کردیں ہیں، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ کشمیری عوام کو آنے والے اسمبلی انتخابات میں عوامی اتحاد پارٹی کا بھرپور ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے پارٹی سربراہ انجینئر رشید نے اس بات کو دہرایا ہے کہ اے آئی پی میں و ہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں، جن کی بنیاد پر یہ جماعت روایتی عوام دشمن جماعتوں کا بہترین متبادل فراہم کر سکتی ہے۔ سرکردہ ٹریڈ یونین لیڈر اشتیاق قادری، سماجی اور سیاسی کارکن ڈاکٹر سکندر جان، ماہر تعلیم اعجاز خان، ماہر تعلیم محمد اکبر راتھر ،آر ٹی آئی کارکن سید قرار ہاشمی، سماجی کارکن عبدالحمید ملک وغیرہ کی پارٹی میں شمولیت کے موقعہ پر سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ جہاں این سی اور پی ڈی پی سمیت تمام روائتی جماعتوں نے کشمیریوں کو دکھوں اور زخموں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا، وہاں وقت آچکا ہے کہ کشمیر کے لوگ خواب غفلت سے بیدار ہو کر اے آئی پی کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ریاست کو سیاسی اور انتظامی محاذوں پر غیر یقینیت سے باہر نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف 70 برسوں سے مسئلہ کشمیر کے حل کی اہمیت اور مسئلہ کشمیر کی حیثیت کو ان روایتی جماعتوں نے بے حد کمزور کردیا ہے اور دوسری طرف کشمیری عوام کو سڑک، پانی، بجلی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر انتظامیہ نے تو اہل کشمیر کو ستانے میں تمام حدیں عبور کر دی ہیں۔ انجینئر رشید نے تہاڑ جیل میں قید یاسین ملک، شبیر شاہ، آسیہ اندرابی، ظہور وٹالی، نعیم خان، ایاز اکبر، الطاف فنتوش اور دیگر لوگوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ عدالتوں کو بھی کشمیریوں کو انصاف دینے میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 792310
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش