0
Monday 6 May 2019 20:21

شمالی وزیرستان، علی وزیر و ساتھیوں کیخلاف ایک اور ایف آئی آر درج

شمالی وزیرستان، علی وزیر و ساتھیوں کیخلاف ایک اور ایف آئی آر درج
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے حکام نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر سمیت 12 افراد کیخلاف ایک اور ایف آئی آر درج کرلی۔ ضلعی پولیس افسر کفایت اللہ خان کی جانب سے تھانہ میرعلی میں درج ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ علی وزیر اور ان کے ساتھیوں نے یکم مئی کو شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں جلسہ عام کے موقع پر ریاست اور اداروں کیخلاف نعرے بازی کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق نعرے بازی سے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ دوسری جانب علی وزیر کا ان الزامات کی ترید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے شیواہ میں وہاں بننے والے ڈیم کیخلاف جلسہ کیا اور جلسے کے ذریعے عوام کی شکایات ریاست تک پہنچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسہ میں انہوں نے تحصیل شیواہ کے ان لوگوں کی محرومی کا ذکر کیا، جو ڈیم کی وجہ سے متاثر ہو سکتے ہیں کیونکہ ڈیم کیلئے وہاں گھروں کا ٹھیک طرح سے سروے نہیں کرایا گیا۔ علی وزیر کے مطابق انہوں نے یہ کہا تھا کہ اگر ڈیم کی وجہ سے تحصیل شیواہ کے گھر زیرآب ہوتے ہیں تو انہیں کیا ملے گا۔ واضح رہے کہ علی وزیر اور ان کے ساتھیوں کیخلاف درج ہونے والی یہ پہلی ایف آئی آر نہیں بلکہ اس سے قبل بنوں، صوابی، شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسمعیل خان اور کراچی میں بھی ان کیخلاف ایف آئی آرز درج کرائی جا چکی ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 792608
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش