0
Monday 6 May 2019 21:40

عمران حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی واپس لینے کا فیصلہ بہت مہنگا پڑیگا، جے یو آئی

عمران حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی واپس لینے کا فیصلہ بہت مہنگا پڑیگا، جے یو آئی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی کی واپسی عمران حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، جو جماعت 8 نومبر سے 28 اپریل تک کے مختصر عرصے میں ملک کے مختلف علاقوں میں 13 کامیاب ترین ملین مارچ کرسکتی ہے، اس کیلئے اپنے لیڈر کی سیکورٹی مشکل کام نہیں، مگر  عمران حکومت مولانا فضل الرحمان سے سیکورٹی واپس لیکر اپنی مشکلات میں اضافہ کرے گی، رویت ہلال کمیٹی اور مفتی منیب الرحمان کے خلاف فواد چوہدری کا بازاری زبان استعمال کرنا دین سے بیزاری کا اعلان ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ملاقات کیلئے آنے والے جماعتی احباب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قاری عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی کے ڈسے ہوئے عوام کو رمضان ریلیف دینا فرض عین کا درجہ رکھتا ہے۔

قاری عثمان نے کہا کہ پانی و بجلی کے بحران پر سندھ حکومت، کراچی انتظامیہ، واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کو مل کر قابو پانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قاری محمد عثمان نے کہا کہ عمران حکومت وہ کرے، جو بعد میں برداشت کر سکے، مولانا فضل الرحمان کے لاکھوں عقیدت مند ان پر مر مٹنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنے آباؤاجداد کی تاریخ دہرائیں، ہم اپنے آباؤاجداد کی تاریخ دہرائیں گے، پھر میدان میں ایک دوسرے کو آزمائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی کی واپسی کا فیصلہ بہت مہنگا پڑے گا، اگر فوری طور پر مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی کی واپسی کا اعلان نہ کیا گیا، تو جمعیت علماء اسلام راست اقدام پر مجبور ہوگی۔ قاری عثمان نے کہا کہ عمران حکومت اپنے بے لگام جعلی وزراء کو لگام دے، مفتی منیب الرحمان کے خلاف بازاری زبان کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔
خبر کا کوڈ : 792624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش