QR CodeQR Code

تبدیلی کا نعرہ لگانے والے یوٹرن نیازی نے اس ملک میں مہنگائی کا سونامی لاکھڑا کیا ہے، سعید غنی

6 May 2019 23:19

تھرپارکر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی پی نے کہا کہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے اس ملک کا نظم و نصب چلائیں گے اور عوام کی امیدوں کو پورا کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تھر کی عوام سے آج تک جو جو بھی وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا جارہا ہے، تھرپارکر کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا اور ہم نے ان کے اس اعتماد کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ تھر کے عوام کے نام پر سیاست کرنے والوں کو پہلے بھی یہاں کی عوام نے مسترد کیا تھا اور اب بھی مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے تمام ڈسٹرکٹ میں پیپلز پارٹی کے موجودہ اور گذشتہ 5 سال کے دوران جو ترقی ہوئی ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے عوام کے لئے پینے کا صاف پانی، صحت، تعلیم، روزگار سمیت تمام شعبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے جو کام کئے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ عوام کو تبدیلی اور نیا پاکستان کا جھانسہ دینے والوں نے کس مقام پر لاکھڑا کیا ہے وہ اب سب بخوبی جان چکی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے یوٹرن نیازی اور ان کی ٹیم نے اس ملک میں مہنگائی کا جو سونامی لاکھڑا کردیا ہے اس نے عوام کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا اور آج بھی کہتے ہیں کہ اگر کوئی اس ملک کو جمہوری، معاشی اور عوام کی منشاء کے مطابق چلا سکتی ہے تو وہ صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی ہے اور انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے اس ملک کا نظم و نصب چلائیں گے اور عوام کی امیدوں کو پورا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 792637

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/792637/تبدیلی-کا-نعرہ-لگانے-والے-یوٹرن-نیازی-نے-اس-ملک-میں-مہنگائی-سونامی-لاکھڑا-کیا-ہے-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org