QR CodeQR Code

افغان طالبان کے ساتھ امن معاہدے کے غیر متوقع نتائج ہو سکتے ہیں، امریکی رپورٹ

7 May 2019 09:43

امریکی ادارے کی رپورٹ میں امن معاہدے کے دن کے بعد 8 چیزوں کی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا گیا، جن میں سیکیورٹی، سول پالیسینگ، اقتصادی ترقی، انسداد منشیات، خواتین کے حقوق، سابق جنگجوؤں کی دوبارہ بحالی اور ان کی نگرانی شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نگرانی کے امریکی ادارے نے کانگریس کو ارسال کی گئی سہ ماہی رپورٹ میں کہا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ امن معاہدے کے غیر متوقع اور غیر منظم نتائج ہو سکتے ہیں۔ خصوصی انسپکٹر جنرل برائے افغانستان تعمیر نو (ایس آئی جی اے آر) نے افغانستان کے تعمیرنو سے متعلق کانگریس کو پیش کی گئی سہ ماہی رپورٹ میں کہا ہے کہ امن معاہدے سے جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا لیکن اس کے طویل المدتی ناقابل یقین نتائج بھی ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا کہ ’ اگر طالبان رہنما، افغانستان کی حکومت سے مذاکرات پر آمادہ ہو جاتے ہیں اور اگر ان مذاکرات کے نتیجے میں کوئی امن معاہدہ ہو جاتا ہے تو افغانستان میں گزشتہ 4 دہائیوں سے جاری جنگ اور امریکا کی طویل ترین جنگ کا خاتمہ ہو سکتا ہے‘۔ اس میں مزید کہا گیا کہ ’لیکن یہ معلوم نہیں کہ امن کیسے خوش آئند ہو گا، اس کے ناقابل یقین نتائج بھی ہو سکتے ہیں۔ امریکی ادارے کی رپورٹ میں امن معاہدے کے دن کے بعد 8 چیزوں کی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا گیا، جن میں سیکیورٹی، سول پالیسینگ، اقتصادی ترقی، انسداد منشیات، خواتین کے حقوق، سابق جنگجوؤں کی دوبارہ بحالی اور ان کی نگرانی شامل ہیں۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ معاہدے کے بعد ایسے خدشات مستحکم افغانستان کے مشترکہ مقصد کے حصول پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، جو قانون کی حکمرانی کا احترام کرے اور اپنے ملک اور پڑوسی ممالک کے ساتھ امن قائم رکھے۔ مزید برآں رپورٹ میں معاہدے کے دن بعد پیدا ہونے والے خدشات کی نشاندہی کی گئی جیسا کہ ’افغانستان میں امریکی ٹیکس دہندگان کی سرمایہ کاری کو خطرہ ہوسکت ہے، انسانی ضروریات اور ترقی پر مبنی پروگراموں کو روکا جاسکتا ہے، افغان حکومت کی حمایت کو کمزور کرنا اور ایک نئے تنازع کی بنیاد یا تنازع دوبارہ شروع کیا جاسکتا ہے‘۔ اس میں 8 بڑے خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں وسیع پیمانے پر سیکیورٹی میں کمی، اقتصادی ترقی میں سست روی، منشیات کی تجارت، خواتین کے حقوق کو درپیش خطرات، سابق جنگجوؤں کی دوبارہ بحالی اور محدود نگرانی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز رمضان کے آغاز پر امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات روک دیے گئے جس میں دونوں فریقین کے درمیان غیر ملکی افواج کے افغانستان کے انخلا کے اہم مسئلے پر بات چیت جاری ہے۔ طالبان کے سیاسی ترجمان سہیل شاہین نے بتایا کہ رمضان کے پہلے دن کے باعث مذاکرات میں ایک روز کا وقفہ دیا گیا اور آج (منگل ) سے مذاکرات کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کی سیکیورٹی ضمانت کے بدلے میں غیرملکی افواج کے انخلا کے وقت سے متعلق مسئلے پر مذاکرات پیچیدہ ہو گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 792684

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/792684/افغان-طالبان-کے-ساتھ-امن-معاہدے-غیر-متوقع-نتائج-ہو-سکتے-ہیں-امریکی-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org