0
Thursday 16 Jun 2011 20:13

باجوڑ ایجنسی میں عوامی فلاح و بہبود اور بحالی کے تین منصوبے مکمل، ساڑھے چھ ہزار افراد مستفید ہوں گے

باجوڑ ایجنسی میں عوامی فلاح و بہبود اور بحالی کے تین منصوبے مکمل، ساڑھے چھ ہزار افراد مستفید ہوں گے
پشاور:اسلام ٹائمز۔ حکومت نے باجوڑ ایجنسی کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف علاقوں میں بجلی، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کے تین منصوبے مکمل کر لئے ہیں۔ ان منصوبوں سے مجموعی طور پر ساڑھے چھ ہزار مقامی افراد کو تعلیم،بجلی اور صاف پانی کی سہولت میسر آ گئی ہے۔ فاٹا سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان منصوبوں کے تحت گاؤں چوپترہ اور دنگی سرمیں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے سو کے وی اے اور پچیس کے وی اے کے دو ٹرانسفامرز، کھمبے اور دیگر ضروری آلات نصب کر دیئے گئے، جس سے مقامی افرادکوگرمی کے موسم میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی۔
پولیٹیکل انتظامیہ نے تحصیل ماموند کے گاؤں ڈبر میں پانی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے آبنوشی کا منصوبہ مکمل کرلیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت گاؤں میں پانی کی دس ٹنکیوں کی تعمیرکے ساتھ ساتھ ایک سو سولہ میٹر گہرا بور مکمل کیا گیا جبکہ پورے گاؤں کو پانی کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے 7477میٹرز طویل پائپ لائن بھی بچھائی گئی۔ اسی طرح ٹیوب ویل کو چلانے کیلئے پچاس کے وی اے کا ایک ٹرانسفارمر اور ایک مشین بھی نصب کیا گیا۔پریس ریلیزکے مطابق پولیٹیکل انتظامیہ نے گاؤں بارانی کھنڈرو میں گورنمنٹ پرائمری اسکول کی بحالی کا منصوبہ بھی مکمل کرلیا ہے۔ مذکورہ سکول کی حالت انتہائی ابتراور وہاںبنیادی سہولیات کا فقدان تھا اسلئے انتظامیہ نے اسکول میں واش رومز کی تعمیر، پانی کی ٹنکیوں کی تعمیر، چھ عدد پنکھوں کی فراہمی، بجلی نظام کی درستگی، رنگ وروغن اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا۔ بحالی اور تعمیر نو کے اس منصوبے سے اسکول کی حالت میں بہتری آئی اور طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آگیا۔ باجوڑ ایجنسی میں تعلیم، بجلی اور آبنوشی کے ان تین منصوبوں سے مجموعی طور پران علاقوں کے ساڑھے چھ ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 79271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش