0
Wednesday 8 May 2019 19:25

داتا دربار پر ہونیوالا خودکش حملہ اہلسنت اور اہل تصوف کے جذبات پر حملہ ہے، ضیاالحق نقشبندی

داتا دربار پر ہونیوالا خودکش حملہ اہلسنت اور اہل تصوف کے جذبات پر حملہ ہے، ضیاالحق نقشبندی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان اور کوآرڈینیٹر متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب پیر محمد ضیاءالحق نقشبندی نے لاہور پریس کلب میں ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ مولانا راغب حسین نعیمی، پیر سید نبیل الرحمن شاہ، محمد نواز کھرل، مفتی قیصر شہزاد نعیمی، سید تنویر حسین، مفتی لیاقت علی صدیقی، مفتی عاشق حسین، مفتی محمد عارف، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا عبداللہ ثاقب، مولانا شکیل احمد، ڈاکٹر عمران انور نظامی، مفتی محمد اسماعیل، مفتی اسد عباس، مفتی شفقت یوسفی، قاری احمد نواز، مفتی مسعود الرحمن اور دیگر علماء و مشائخ کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ داتا دربار ہونیوالا خودکش حملہ اہلسنت اور اہل تصوف کے جذبات پر حملہ ہے، 48 گھنٹوں میں رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے، شہداء کیلئے ایک کروڑ جبکہ سویلین شہداء کے 50 لاکھ اور تمام زخمیوں کیلئے 25 لاکھ دینے کا فوری طور پر اعلان کیا جائے۔ خود حملہ آور کے حملہ سے شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے داتا دربار میں موجود سینکڑوں انسانوں کی جانوں کو بچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزارات قیامت تک آباد رہیں گے اور یہاں سے امن کی آواز بلند ہوتی رہے گی۔ حالیہ دہشتگردی، فرقہ واریت، تعصب، خوف اور عدم برداشت سے معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ حالیہ حملہ اداروں کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے ہوا ہے، جب 3 اپریل کو اس طرح کے خوفناک حملہ سے آگاہ کر دیا گیا تھا تو پھر اس حملہ کو روکا کیوں نہیں گیا۔ نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی ایک ناسور ہے جس کی جڑوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں تمام مسالک کے جید علماء و مشائخ سے اس سانحہ کیخلاف آواز بلند کی جائے گی۔ اہل سنت پرامن ہیں اور رہیں گے ہمارا پرامن رہنا بعض قوتوں کو پسند نہیں ہے۔ پاکستان ہمارے اکابر نے بنایا تھا۔ اس کی حفاظت کیلئے جان کے نذرانے پیش کرتے رہیں گے۔

علماء کا کہنا تھا کہ تمام مزارات اور مشائخ کی سکیورٹی کا بندوبست حکومت ہنگامی بنیادوں پر کرے ۔9/11 سے قبل بھی ہمارے مشائخ نے جہاد افغانستان کی مخالفت کی تھی ہمارے اکابر نے کہا تھا کہ امریکی جہاد جہاد نہیں ہے فساد ہے۔ دنیا کو امن کا پیغام دینے کیلئے اہل تصوف کے راستوں کو روکا جا رہا ہے۔ امن کے داعی امن کا پرچم تھامے رہیں گے اور دشمن کی چالوں میں نہیں آئیں۔ شہداء پولیس کے ہوں یا پھر سویلین وہ پاکستانی ہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 793045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش