QR CodeQR Code

ضلع کرم کے تمام خاندانوں کو صحت کارڈ کا اجرا کا سلسلہ جاری ہے، سید اقبال میاں

8 May 2019 21:26

پی ٹی آئی ضلع کرم کے صدر اقبال سید میاں نے کہا ہے کہ ضلع کرم سمیت قبائلی اضلاع کے تمام خاندانوں کو صحت کارڈ کی اجراء کا سلسلہ جاری ہے اور عمران خان مرحلہ وار اپنے وعدے تیزی کے ساتھ پورے کررہے ہیں اور رمضان کے بعد وزیر اعظم عمران خان ضلع کرم کا بھی دورہ کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ دیگر علاقوں کیطرح پی ٹی آئی کیجانب سے عوام میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، پاراچنار میں بھی پی ٹی آئی کے مقامی چیئرمین سید اقبال میاں کیجانب سے عوام صحت انصاف کارڈ کا اجرا کیا گیا، جس کے سلسلے میں سید اقبال میاں نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ پاراچنار میں اپنے کارکنوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی ضلع کرم کے صدر اقبال سید میاں، سید نسیم شاہ، اکبر جان، ارشاد حسین، سید اخلاق حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا قبائلی اضلاع میں صحت کارڈ کا اجراء تیزی سے جاری ہے۔ ہر کارڈ ہولڈر کو سالانہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے ملیں گے اور غریب لوگوں کو علاج میں سہولت ہوگی۔ قبائلی اضلاع کے تمام خاندانوں کو صحت کارڈ کے اجراء پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان جرات مندی کے ساتھ مرحلہ وار اپنے وعدے پورے کررہا ہے اور صرف ہیلتھ کارڈ کی مد میں لوگوں کو 70، 80 ارب روپے ملیں گے اور غریبوں کے لئے علاج کوئی مسئلہ نہیں رہا۔ اقبال سید میاں کا کہنا تھا کہ یہ کارڈ گھر گھر پہنچائیں گے اور لوگ اپنی باری کا انتظار کریں، پی ٹی آئی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان رمضان المبارک کے بعد ضلع کرم کا بھی دورہ کریں گے۔ صحت کارڈ کے اجراء اور دیگر وعدے پورے کرنے پر اقبال سید میاں کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی کی الیکشن کا شیڈول جاری کرکے ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے اور انشاء اللہ بلدیاتی انتخابات بھی مقررہ وقت پر ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 793059

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793059/ضلع-کرم-کے-تمام-خاندانوں-کو-صحت-کارڈ-کا-اجرا-سلسلہ-جاری-ہے-سید-اقبال-میاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org