QR CodeQR Code

خرم شیر زمان کا حکومت سندھ کے اکاونٹ سے 1.867 بلین روپے کی زکوٰۃ غائب ہونے پر تشویش کا اظہار

8 May 2019 21:53

میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے بیان میں رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ کے بے لگام افسر شاہی نے مزارات سے ہونے والی آمدنی پر بھی جی بھر کے ہاتھ صاف کیا ہے، آج سندھ کا ہر محکمہ کرپشن کی زد میں ہے، افسر شاہی ہو یا پھر وزیر سب کے سب مبینہ کرپشن میں ملوث ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے حکومت سندھ کے اکاونٹ سے 1.867 بلین روپے کی زکوٰۃ غائب ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں حکومت سندھ نے اپنی ہی کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، حکومتی وزراء نے غریبوں، مسکینوں اور معزور افراد کی امدادی رقم تک نہیں چھوڑی، سندھ کے وزراء نے زکوٰۃ، معذور افراد کی امدادی رقم یہاں تک کے یتیموں کے پیسے بھی نہیں چھوڑے اور قریبا 1 ارب 90 کروڑ روپے کی زکوٰۃ کی رقم خرد برد کی گئی ہے، یہ رقم آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے، ہزاروں ارب روپے کی کرپشن آڈیٹر جنرل کی رپورٹ چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ حکومت سندھ کرپٹ ہے، مستحقین زکوٰۃ کے 117 کروڑ روپے سندھ بینک نے تقسیم کرنے کی بجائے 4 ماہ تک سیونگ اکاؤنٹ میں رکھ کر منافع کمایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدین، ٹھٹھہ، لاڑکانہ، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں زکوٰۃ کمیٹیاں 2 کروڑ روپے کے اخراجات کا حساب نہیں دے سکیں جس سے حکومت سندھ کی بدنیتی صاف واضح ہوتی ہے۔

میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی وزراء صرف میڈیا پر آکر سیاسی مخالفین کی کردار کشی کرنے اور بیان بازی کرنے کے لئے بیٹھے ہیں، ان سے ان کے محکموں کی کارکردگی پوچھی جائے تو بغلیں جھانکنے لگ جاتے ہیں، سندھ کے بے لگام افسر شاہی نے مزارات سے ہونے والی آمدنی پر بھی جی بھر کے ہاتھ صاف کیا ہے، آج سندھ کا ہر محکمہ کرپشن کی زد میں ہے، افسر شاہی ہو یا پھر وزیر سب کے سب مبینہ کرپشن میں ملوث ہیں، پیپلز پارٹی نے گزشتہ 11 سالوں میں سندھ کی عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان بھی چھین لیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کسی صورت بھی حکومت سندھ کو اس کی کرپشن پر پردہ نہیں ڈالنے دے گی، حکومت سندھ سے غریب عوام کے لوٹے ہوئے پائی پائی کا حساب لیں گے۔


خبر کا کوڈ: 793067

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793067/خرم-شیر-زمان-کا-حکومت-سندھ-کے-اکاونٹ-سے-1-867-بلین-روپے-کی-زکو-ۃ-غائب-ہونے-پر-تشویش-اظہار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org