QR CodeQR Code

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا لاپتہ شیعہ افراد کے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی

شیعہ لاپتہ افراد کے لواحقین کے مسئلہ کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا، ناصر حسین شاہ

8 May 2019 22:17

سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئیٹر پر ایک بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ لواحقین کا اپنے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج کرنا انکا جمہوری حق ہے، میں امید کرتا ہوں کہ حکومت لاپتہ افراد کے سنگین مسئلے کو حل کرنے کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء اور سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک کو امن و امان، معیشت، کاروبار، امپورٹ ایکسپورٹ کی تشویشناک اور مایوس کن صورتحال کا سامنا ہے، ان تمام مسائل کے علاوہ ایک اہم مسئلہ لاپتہ افراد کا بھی ہے، جو 2001ء سے شروع ہوا اور رکنے کا نام نہیں لے رہا، کسی بھی فرد کو لاپتہ کرنا آئین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، لاپتہ ہونے والے افراد چاروں صوبوں سے تعلق رکھتے ہیں، اگر ان پر الزام ہے تو انکو کورٹ میں پیش کیا جائے۔ سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئیٹر پر ایک بیان میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے چھ سو سے زائد افراد گمشدہ ہیں، جبکہ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے، جن کے زندہ یا مردہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو یہ تک نہیں معلوم کے ان کے پیارے زندہ ہیں یا نہیں اور وہ ہر پل اپنے بچوں، بیٹوں، بھائیوں کی واپسی کے منتظر نظر آتے ہیں، لاپتہ افراد اور جبری گمشدگی کا مسئلہ جمہوری اور مہذب معاشرے پر داغ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اور پاکستان کی عالمی ساکھ کے حوالے سے سوالات کا ابھرنا ہر محب وطن کے لئے پریشان کن بات ہے، لاپتہ افراد کا معاملہ انسانی حقوق کا انتہائی سنگین اور نازک معاملہ ہے۔ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین، بوڑھے ماں باپ اور معصوم بچے سڑکوں پر سراپا احتجاج اور اپنے پیاروں کی تلاش میں ہیں، لیکن کوئی ان کی فریادوں پر کان دھرنے والا نہیں، موجودہ حکومت اور ریاستی ادارے لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے قوم کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے آنسو پونچھیں، یہ انسانی حقوق کا سنگین معاملہ ہے، میں لاپتہ افراد کے لواحقین کو یقین دلاتا ہوں کہ اس مسئلہ کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا، لواحقین کا اپنے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج کرنا انکا جمہوری حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ حکومت لاپتہ افراد کے سنگین مسئلے کو حل کرنے کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنائے گی اور اپنی ترجیحات میں لاپتہ افراد کے بدترین انسانی المیہ کو ترجیح بنیادوں میں حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 793071

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793071/شیعہ-لاپتہ-افراد-کے-لواحقین-مسئلہ-کیلئے-ہر-فورم-پر-آواز-اٹھاؤں-گا-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org