0
Wednesday 8 May 2019 23:04

کوئٹہ، سستے بازاروں میں مہنگے دکاندار عوام پریشان

کوئٹہ، سستے بازاروں میں مہنگے دکاندار عوام پریشان
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں سستے بازاروں میں اشیاء خوردونوش مہنگے داموں فروخت، پھل اور سبزی فروشوں نے خود ساختہ مہنگائی انتہاء کو پہنچا دی ہے، متوسط طبقہ مہنگائی کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ترجمان بلوچستان حکومت کی جانب سے پریس کانفرنس میں کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر رمضان سستے بازار کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ان سستے بازاروں میں عوام کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جائے گا، تاہم ان دعووں کی کلی ان بازاروں میں مہنگے داموں فروخت ہونے والی اشیاء خوردونوش نے کھول دی، ان بازاروں کو آباد کرنے کیلئے زبردستی ریڑھی بانوں کو یہ کہہ کر وہاں منتقل کیا گیا کہ وہ وہاں اپنے دام پر ہی اشیاء فروخت کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں میں سستے بازاروں سے ارزاں نرخوں پر سبزیاں پھل اور دیگر اشیاء دستیاب ہیں، یہ محض حکومت کی جانب سے خانہ پری کی گئی ہے، ان بازاروں میں بھی بکرے اور گائے بیل کے گوشت کا ایک بھی اسٹال موجود نہیں ہے، جبکہ وہاں لگائے گئے اسٹال مالکان نے موقف اختیار کیا ہے کہ بازار سے مہنگے داموں خریدی اشیاء کیسے سستے داموں فروخت کریں۔

انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت بڑے کاروباری طبقے کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا پابند بنائے نہ کہ روزانہ کی بنیاد پر منڈی سے مہنگے داموں پھل اور سبزی خرید کر بازار میں فرخت کرنے والے ریڑھی بانوں کو پابند کرے، کوئٹہ میں دکانداروں سمیت ریڑھی بانوں نے بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں 10 سے 20 فیصد اضافہ کردیا ہے۔ کوئٹہ میں دہی کی قیمت فی کلو 100 سے بڑھ کر 120 اور دودھ 95 کی بجائے 115 فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ شہری سستے بازاروں میں اشیاء کی غیر معیاری ہونے کی بھی شکایات کرتے نظر آئے، جبکہ ہڑتال کو جواز بنا کر قصابوں نے مہنگے داموں گوشت فروخت کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
 
خبر کا کوڈ : 793080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش