0
Thursday 9 May 2019 13:26

امریکہ کی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ہے، امیر العظیم

امریکہ کی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ہے، امیر العظیم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے لاہور میں ایلیٹ فورس کی گاڑی پر خود کش حملے میں شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین کیساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اصل ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں 5 اہلکاروں سمیت 11 افرا کی شہادت قومی سانحہ ہے، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف سکیورٹی فورسز کی پشت پر کھڑی ہے۔
 
انھوں نے کہا کہ چند دن قبل لاہور میں دہشتگردوں کے داخلے کی خبریں میڈیا میں آئیں تھیں مگر حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا، اگر اس وقت دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا جاتا تو آج دہشت گردی کا سانحہ نہ ہوتا، نام نہاد دہشتگردی کیخلاف لڑی جانیوالی امریکی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ہے، 78 ہزار پاکستانیوں سمیت سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد اس امریکی مفاداتی جنگ کا نشانہ بنی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کی پشت پناہی کرنیوالوں کو بے نقاب کیا جائے اور حکومت اپنی خارجہ و داخلہ پالیسیوں کو از سر نو تشکیل دے، جنرل(ر) پرویز مشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
 
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ بھارت، امریکہ اور اسرائیل کی مدد سے پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کی وارداتوں میں براہ راست ملوث ہے، جس کا ثبوت کلبھوشن اور ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک کی صورت میں سامنے آ چکا ہے، جب تک را، موساد اور سی آئی اے کے گٹھ جوڑ کو توڑا نہیں جاتا اس وقت تک پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکتا۔ امیرالعظیم نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جس نے دہشتگردی کیخلاف لڑی جانیوالی اس جنگ میں روز اول سے قربانیاں دیں ہیں۔ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ہم متحد ہیں، دشمن کبھی اپنے گھناؤنے ہتھکنڈوں اور سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 793210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش