QR CodeQR Code

عدالت گھروں کو توڑنے کا کہے گی تو استعفیٰ دیدوں گا لیکن یہ کام نہیں کر سکتا، سعید غنی

9 May 2019 21:06

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ممکن نہیں ہے، اس سے انسانی المیہ جنم لے گا، آج بھی کہتا ہوں ایسا کام حکومت کے لئے مشکل ہے جس سے انسانی المیہ ہو، میں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو توہین عدالت کے زمرے میں آئے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کا نوٹس جاری کئے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں کی جو توہین عدالت کے زمرے میں آئے اور عدالت مجھے بطور وزیر گھروں کو توڑنے کا کہے گی تو میں اپنی وزرات چھوڑ دوں گا کیونکہ میں یہ کام نہیں کر سکتا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے لئے تیار ہیں، ہمیں عدالتوں کا فیصلہ پسند ہو یا نہ ہو مگر عملدرآمد کرانے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ کہا تھا یہ ممکن نہیں ہے، اس سے انسانی المیہ جنم لے گا، آج بھی کہتا ہوں ایسا کام حکومت کے لئے مشکل ہے جس سے انسانی المیہ ہو، میں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو توہین عدالت کے زمرے میں آئے، عدالت مجھے بطور وزیر گھروں کو توڑنے کا کہے گی تو میں اپنی وزرات چھوڑ دوں گا کیونکہ میں یہ کام نہیں کر سکتا۔

وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ اگر عدالت نے مجھے کہا تو میں اپنی وزارت چھوڑ دوں گا اور وزیراعلیٰ کو استعفی دے دوں گا، گھروں کو توڑنا کسی حکومت کے لئے ممکن نہیں ہے، ہم نے اس شہر میں ہزاروں دکانیں ٹوٹتی دیکھیں، اُس میں کئی لوگ بیروزگار ہیں جو آج تک اپنا کاروبار شروع نہیں کرسکے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ عدالت کی نیت پر کوئی شک نہیں ہے، سمجھتا ہوں عدالت ٹھیک کہہ رہی ہے، اس کام کے لئے ہمیں وقت کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 793261

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793261/عدالت-گھروں-کو-توڑنے-کا-کہے-گی-استعفی-دیدوں-گا-لیکن-یہ-کام-نہیں-کر-سکتا-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org