QR CodeQR Code

عراق امریکی فوجیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، مایئک پومپیئو

10 May 2019 11:42

عراقی رہنماؤں سے ملاقات کےبعد امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ انھوں نے عراقی رہنماؤں کو باور کرایا ہے کہ امریکہ کو عراق میں دوسرے ممالک کی مداخلت پسند نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو جرمنی کا طے شدہ دورہ منسوخ کر کے عراق کا دورہ کیا جہاں انھوں نے عراقی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ عراق میں امریکی فوجیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ یہ دورہ ایسے وقت ہوا جب امریکہ نے اپنے بحری بیڑے، یو ایس ایس ابراہم لنکن کو خطے میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ مائیک پومپیو نے عراق کے وزیراعظم عادل عبدل مہدی اور صدر براہم صالح سے ملاقات کی۔

عراقی رہنماؤں سے ملاقات کےبعد امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ انھوں نے عراقی رہنماؤں کو باور کرایا ہے کہ امریکہ کو عراق میں دوسرے ممالک کی مداخلت پسند نہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے عراقی رہنماؤں سے کہا کہ وہ عراق میں امریکی فوجیوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ امریکی اہلکاروں نے کہا کہ بحری بیڑے کو عراق میں ایرانی اتحادوں کی جانب سے امریکی افواج کو دھمکیوں کے پیش نظر بھیجا گیا ہے۔

منگل کے روز اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا کہ امریکہ B-52 بمبار طیاروں کو بھی خطے میں بھیج رہا ہے۔ امریکہ نے دھمکیوں کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ البتہ ایران نے امریکی دعوؤں کو مسترد کیا ہے۔ امریکہ کے نیشنل سکیورٹی کے مشیر جان بولٹن نے بحری بیڑے یو ایس ایس ابراہم لنکن کو علاقے میں بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پریشان کن اشاروں کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ برطانیہ کے دورے پر پہنچ رہے ہیں جہاں وہ وزیر اعظم ٹریسا مے اور وزیر خارجہ جرمی ہنٹ سے ملاقات کریں گے۔ بی بی سی کے مطابق عراق میں اپنے دورے کے دوران عراقی وزیراعظم عادل عبدل مہدی اور صدر برہام صالح سے ملاقات میں امریکی کے سکیورٹی کے حوالے امریکی خدشات کا اظہار کیا۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ عراق رہنماؤں نے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ وہ عراقی رہنماؤں سے ملاقات کر کے انھیں یقین دہانی کرانا چاہتے تھے کہ امریکہ عراق کی خود مختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ یہ بھی چاہتے تھے کہ عراقی رہنماؤں کو باور کرایں کہ وہ توانائی کے معاہدے کرتے وقت ایران پر کم بھروسہ کریں۔ ایران کے وزیر خارجہ جاوید ظریف نے کہا کہ اگر امریکہ اور اس کے حواری اپنے آپ کو اس لیے غیر محفوظ تصور کرتے ہیں، کیونکہ کے خطے کے لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں اور ایران پر الزامات لگانے سے معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے۔



 


خبر کا کوڈ: 793301

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793301/عراق-امریکی-فوجیوں-کے-تحفظ-کو-یقینی-بنائے-مایئک-پومپیئو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org