0
Friday 10 May 2019 21:06

رمضان المبارک خود احتسابی اور خیر و اصلاح کا مہینہ ہے، مسرور عباس انصاری

رمضان المبارک خود احتسابی اور خیر و اصلاح کا مہینہ ہے، مسرور عباس انصاری
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر و سینئر حریت رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نے نماز جمعہ کے موقعہ پر مسجد سجادیہ چھتہ بل میں فرزندان توحید کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ماہ مبارک رمضان کی فضیلت و اہمیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان رحمتوں، برکتوں، سعادتوں، مغفرتوں اور نوازشوں کا مہینہ ہے اس ماہ کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے اہمیت بخشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار خصوصیتوں کا حامل یہ ماہ عالم انسانیت کے لئے ایک تربیت گاہ ہے اور امت مسلمہ کو چاہیئے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھاکر برائیوں اور معصیتوں سے نکل کر تقویٰ و پرہیزگاری کے چشمہ میں غوطہ زن ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار و قربانی اور خود احتسابی کا تقاضا کرتا ہے۔

مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ ہماری کوشش یہ ہونی چاہیئے کہ اس ماہ مبارک کے پیغام سے اپنے مردہ اور خفتہ ضمیروں کو بیدار کریں اور نفس امارہ کی غلامی سے اپنے آپ کو، اہل و عیال کو اور اپنے معاشرے آزاد کریں۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ رمضان المبارک ظاہر و باطن سنوارنے کا ایک بہترین موقع ہے اور ہمیں چاہیئے کہ تمام ذاتی مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر اپنے نفس کو راہ راست پر لانے کی سعی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے جس قرآن نے حیات انسانی کو جلا بخشی، لہذا اس کلام پاک کی تلاوت کے علاوہ اس کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ مولانا مسرور عباس اںصاری نے کہا کہ یہ ماہ مبارک تقویٰ، پرہیزگاری، ہمدردی، محبت، خدمت خلق، اتحا و اتفاق، راہ خدا میں استقامت اور خیر و اصلاح کا مہینہ ہے لیکن ایسا نہ ہوکہ ہماری عبادات اور نیکیاں اول رمضان سے لیکر عید الفطر تک ہی محدود رہ جائے۔
خبر کا کوڈ : 793405
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش