0
Friday 10 May 2019 18:47

امریکہ کے ایران بارے جارحانہ عزائم خطرناک ہوں گے، علامہ نیاز نقوی

امریکہ کے ایران بارے جارحانہ عزائم خطرناک ہوں گے، علامہ نیاز نقوی
 
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایران کیخلاف نئے اقدامات کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عالمی برادری اچھی طرح جانتی ہے کہ ایران، شام یا افغانستان نہیں بلکہ ایک طاقتور مضبوط ملک ہے، امریکہ کے ایران بارے جارحانہ عزائم خود اس کیلئے خطرناک ہونگے، ایران اسلام کے سپاہیوں کا ملک ہے، جس کی امام زمانہ حفاظت کرتے ہیں۔ علی مسجد جامعہ المنتظر لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس سے پہلے کی امریکی حکومتیں بھی اسلامی جمہوریہ کیخلاف یہی کچھ کرتی رہی ہیں لیکن موجودہ امریکی صدر زیادہ احمق اور نامعقول ہے۔ ایران نے بروقت یورپی ممالک کو متعلقہ جوہری معاہدے کے حوالے سے متوجہ کر دیا ہے۔ امید ہے یہ ممالک اس معاہدے کی پاسداری کیلئے مناسب اقدام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ داتا دربار کے باہر ہونیوالا دہشتگردی کا واقعہ تشویشناک ہے، فوج، حکومت اور متعلقہ ریاستی ادارے دہشتگردی کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ رمضان مبارک میں سخت سکیورٹی انتظامات کی ضرورت ہے۔ متعلقہ اداروں کو صرف خودکش حملہ آور کے بارے زیادہ معلومات دینے کی بجائے اس کے سرپرستوں، تربیت دینے والوں اور دیگر متعلقہ افراد کو بے نقاب کرکے نمونہ عبرت بنانا چاہئے۔ افسوسناک بات ہے کہ یہ کام کیا ہی نہیں جاتا یا پھر عوام کو اس بارے مطلع نہیں کیا جاتا۔ جامعہ المنتظر میں نماز جمعہ کے اجتماع میں قرارداد منظور کرتے ہوئے جبری طور پر لاپتہ شیعہ افراد کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ کراچی کو قطیف نہیں بننے دیا جائے گا۔ سکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے نوجوانوں کو رات کی تاریکی میں گرفتار کرکے لاپتہ کرنا قابل مذمت ہے۔ اگر مطوب افراد کیخلاف کوئی مقدمہ تھا تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ ہم مہذب معاشرہ ہیں، جس میں عدالتیں موجود ہیں۔ پارلیمنٹ ہے۔ گمشدہ افراد کو بازیاب کروا کر ان کے لواحقین سے ملوایا جائے، ورنہ کراچی میں ہونیوالے احتجاجی دھرنے کا سلسلہ ملک بھر میں پھیل جائے گا۔

علامہ نیاز نقوی نے خطبہ جمعہ میں امام زمانہ ؑ کی ولادت، غیبت اور ظہور کے حوالے سے گذشتہ خطبوں کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسلامی مسالک امام مہدی علیہ السلام کے ظہور اور قیام کے بارے میں متفق ہیں۔ اس دور میں آیت اللہ صافی گل پائیگانی نے اپنی مشہور تالیف میں 6211 احادیث ذکر کی ہیں جوکہ 615 کتب میں درج ہیں۔ 81 کتب میں 271 احادیث میں 12 اماموں کا تذکرہ ہے۔ صحیح بخاری جوکہ 318 ہجری میں مصر میں شائع ہوئی، صحیح ترمذی جو کہ دہلی میں 1342 ہجری میں طبع ہوئی۔ صحیح مسلم 1348 ہجری میں مصر میں طبع ہوئی۔ مسند احمد بن حنبل مصر میں 1313 ہجری میں طبع ہوئی۔ مستدرک صحیحین 1334 ہجری میں حیدرآباد دکن میں طبع ہوئی۔ تاریخ بغداد، تاریخ الخلفا، صواعق محرقہ،ینابیع المودة، اکمال الدین، کشف الاسرار، عیون اخبار الرضا میں 12 اماموں کا ذکر ہے۔ بعض لوگ امام ِ زمانہ ؑ کی عمر کے طولانی ہونے کے بارے سوالات اٹھاتے ہیں۔ حالانکہ یہ فقط اس امام سے مخصوص نہیں، تاریخ میں کافی افراد کا ذکر ملتا ہے جنہوں نے طویل عمریں گزاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 793407
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش