0
Friday 10 May 2019 21:27

کراچی، ریاستی ادارے سے کامیاب مذاکرات، اہلخانہ شیعہ جبری گمشدگان کا 13 روزہ دھرنا ختم

کراچی، ریاستی ادارے سے کامیاب مذاکرات، اہلخانہ شیعہ جبری گمشدگان کا 13 روزہ دھرنا ختم
رپورٹ: ایس ایم عابدی

اہل خانہ جبری شیعہ گمشدگان کی جانب سے اعلیٰ ریاستی اداروں سے کامیاب مذاکرات اور 19 شیعہ مسنگ پرسنز کے ظاہر ہو جانے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ کے باہر 13 روز سے جازی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ 13 روز سے صدارتی کیمپ آفس محمد علی سوسائٹی میں احتجاجی دھرنے پر بیٹھے اسیران ملت جعفریہ کی ماوں، بہنوں اور بیوی بچے سرخرو ہوگئے ہیں، دھرنا کمیٹی کے اراکین کے اعلیٰ ریاستی اداروں کے حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں 19 جبری شیعہ گمشدگان کو ظاہر کر دیا گیا ہے۔ مزید 8 مسنگ پرسنز کو کل پولیس کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اعلیٰ ریاستی حکام نے دھرنا کمیٹی کے اراکین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ تمام مسنگ پرسنز کو مرحلہ وار پولیس یا عدالت کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔

اہل خانہ جبری شیعہ گمشدگان نے دھرنے کے خاتمے کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اعلیٰ ترین ریاستی اداروں سے براہ راست کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں 3 سال سے جبری گمشدہ ہمارے پیارے مسنگ پرسنز کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ جن شیعہ مسنگ پرسنز کو آج کے کامیاب مذاکرات کے بعد ظاہر کیا گیا ہے ان میں زاہد حسین کشمیری، سید نعیم حیدر نجفی، سید حسین احمد جعفری اور سید شیراز حیدر جعفری کو ملٹری کورٹ سے ملیر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ چاروں اسیروں سے ان کے گھر والوں کو ملاقات کی اجازت بھی دے دی گئی ہے اور اب تک کی اطلاع کے مطابق ان خانوادوں نے اپنے لاپتہ افراد سے ملاقات بھی کرلی ہے۔ اہل خانہ جبری شیعہ گمشدگان کے مطابق کل بروز ہفتہ مزید 8 لاپتہ شیعہ عزادار بازیاب ہو جائیں گے اور بازیابی کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ 12 شیعہ اس تحریک کے نتیجے میں پہلے ہی بازیاب کرائے جا چکے ہیں۔

شیعہ مسنگ پرسنز ریلیز کمیٹی کے روح رواں راشد رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ ریاستی اداروں سے کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں پہلے 12، آج دوسرے مرحلے میں 4 شیعہ مسنگ پرسنز کو بازیاب کروا لیا گیا ہے اور کل ان شاء اللہ مزید 8 شیعہ مسنگ پرسنز کو بازیاب کروا لیا جائے گا۔ راشد رضوی نے کہا کہ کراچی سے شیعہ مسنگ پرسنز کی کل تعداد 44 اور ملک بھر سے مجموعی طور پر 80 کے قریب بنتی ہے۔ اس حساب سے ہم تقریباً 55 فیصد مسنگ پرسنز کو بازیاب کروانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اعلیٰ ریاستی حکام سے براہ راست مذاکرات میں فیصلہ ہوا ہے کہ باقی ماندہ مسنگ پرسنز کو بھی قانونی کارروائی کے نتیجے میں منظر عام پر لایا جائے گا۔ صوبائی سطح پر مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے وفاق نے صوبوں کو لیٹر جاری کر دیا ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تفصیلات جمع کرکے اور جن جن صوبوں یا شہروں سے لوگ بازیاب ہوتے رہیں گے، اس حوالے سے ہفتے میں 2 سے 3 دفعہ ہمیں اپڈیٹ کرے گی۔

راشد رضوی نے مزید کہا کہ کل تک بازیاب ہونے والے 12 افراد پر کہانی رکے گی نہیں بلکہ پیر سے معاملات آگے بڑھیں گے، اب ملک بھر کے مسنگ پرسنز کو بازیاب کروایا جائے گا، اب بات صرف مسنگ پرسنز کی بازیابی کی حد تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اعلیٰ ریاستی حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 10 پر عمل درآمد کو عملی جامہ پہنانے جا رہے ہیں، قانون سازی ہو رہی ہے، عمران خان نے جبری گمشدگیوں کے خلاف ڈرافٹ بھی تیار کیا ہے، جو قومی اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے، جس کا فائدہ صرف شیعہ مسنگ پرسنز کو ہی نہیں بلکہ تمام کمیونٹیز کو پہنچے گا۔ واضح رہے کہ جن خانوادہ اسیران ملت جعفریہ کے عزیز اور پیارے بازیاب ہوگئے ہیں، انہوں نے دھرنے کے کامیاب اختتام پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور کمیٹی میں شامل ناصران یعنی راشد رضوی، حسن رضا سہیل اور صغیر عابد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 793441
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش