0
Saturday 11 May 2019 13:34

پاکستانی معیشت کو ڈبونے والے باہر بیٹھ کر مشورے دے رہے ہیں، فواد چوہدری

سائنس میں اسلامی دنیا کے اندر ہم آج بھی سب سے آگے ہیں
پاکستانی معیشت کو ڈبونے والے باہر بیٹھ کر مشورے دے رہے ہیں، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدوں کے بعد 5 سال میں نتائج ملیں گے۔ معیشت کو ڈبونے والے باہر بیٹھ کر مشورے دے رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن روٹھی ہوئی ساس کی طرح ہو گئی ہے، اسے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے رویے پر نظر ثانی کرنی پڑے گی۔ پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے والے معیشت پر بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وزیر اعظم عمران خان ہی ہے اور اپوزیشن کو نہ چاہتے ہوئے بھی عمران خان کو وزیر اعظم تسلیم کرنا پڑے گا جبکہ پاکستانی معیشت کو ڈبونے والے باہر بیٹھ کر مشورے دے رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ چلانے کے لیے تھوڑا وقت دیا جائے جبکہ اپوزیشن کو موجودہ پارلیمنٹ کو بھی ماننا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ہیر رانجھے کی مثال ہیں جبکہ دونوں کے بچے ابھی سیاسی قیادت پر لڑ رہے ہیں اور یہ بعد میں بیرون ملک پیسے کے لیے لڑیں گے۔ فواد چوہدری نے 40 سال سے کم عمر ایسے افراد جن کے پاس سائنس کا پراجیکٹ ہے اُنہیں حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے افراد کو فنانس کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نئی جدت اور اسے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ ہم 1500 نئے اسکول سائنس، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی میں لائیں گے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چاند دیکھنے کے لیے ایپلیکیشن تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک کلک پر آپ چاند دیکھ سکیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ 15 ویں روزے تک چاند کا کیلنڈر بنا دیا جائے گا جبکہ ہم ایک سسٹم بنا رہے ہیں جس میں لوگ ایک بٹن دبا کر خود چاند کو دیکھ سکیں گے۔ اب یہ پاکستان کے شہریوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ جدید سسٹم میں چلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1962 میں پاکستان دوسرا ملک تھا جو خلا میں گیا تھا۔ ہمارے پاس آج بھی قابل لوگ موجود ہیں اور اسلامی دنیا میں آج بھی ہم سب سے آگے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 793589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش