QR CodeQR Code

قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی انتخابی سرگرمیاں جاری

11 May 2019 13:44

میڈیا سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمشنر ضلع کرم تنویر احمد ہمایوں نے بتایا کہ پی کے 109 میں کل 129 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جب کہ حلقہ انتخاب میں 272 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ الیکشن کمشنرنے بتایا کہ ضلع کرم کے حلقے پی کے 108 میں 135 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جب کہ پولنگ بوتھوں کی تعداد 280 ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمشنر ضلع کرم تنویر احمد ہمایوں نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے 108 میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 69 ہزار چار سو 58 ہے جب کہ حلقے کی کل آبادی 33 لاکھ 92 ہزار چار سو 47 ہے۔ انہوں نے یہ بات ذرائع ابلاغ کو بتائی۔ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں۔ الیکشن کمشنر ضلع کرم نے بتایا کہ پی کے 109 میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار تین سو 36 ہے جب کہ حلقہ انتخاب کی کل آبادی دو لاکھ 80 ہزار تین سو چھ ہے۔ ذرائع ابلا غ کو تنویر احمد ہمایوں نے بتایا کہ پی کے 109 میں کل 129 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جب کہ حلقہ انتخاب میں 272 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ الیکشن کمشنرنے بتایا کہ ضلع کرم کے حلقے پی کے 108 میں 135 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جب کہ پولنگ بوتھوں کی تعداد 280 ہوگی۔ تحصیل شیواہ کی پوری کابل خیل قوم نے صوبائی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ تین لاکھ آبادی میں سے کوئی ایک شخص بھی ووٹ نہیں ڈالے گا۔ صوبائی الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کابل خیل قوم کے اہم جرگے میں کیا گیا۔ جرگے میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت علی وزیر اور یوتھ آف کابل خیل سمیت ان کے 12 ساتھیوں کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر ختم کرے۔ جرگے میں واضح کیا گیا کہ کرم تنگی ڈیم کی تعمیر کے خلاف احتجاج ہمارا آئینی حق ہے۔ جرگے نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کرم تنگی ڈیم کے خلاف ہونے والے احتجاج کو پی ٹی ایم کے احتجاج کا رنگ دیا گیا۔ جرگے میں مؤقف اپنایا گیا کہ علی وزیر اور دیگر پر مقدمہ درج کرنا دراصل پوری کابل خیل قوم پر مقدمہ درج کرنے مترادف ہے۔ کابل خیل قوم کے جرگے میں حکومت کو خبردار کیا گیا کہ اگر اس نے کسی ایک پر بھی ہاتھ ڈالا تو پوری قوم جیل میں جائے گی۔ عمائدین نے جرگے میں واضح مؤقف اپنایا کہ ایف آئی آر کے خاتمے تک الیکشن لڑیں گے اور نہ ہی پولیس کو تسلیم کریں گے۔ جرگے میں کہا گیا کہ ہم نے ہمیشہ اداروں کاساتھ دیا ہے لہذا اشتعال پہ مجبور نہ کیا جائے۔ جرگہ اراکین کے مطابق وہ اپنے حق کے لیے دیگر تمام قبائل کے پاس اپنی فریاد بھی لے کر جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 793590

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793590/قبائلی-اضلاع-میں-صوبائی-اسمبلی-کی-انتخابی-سرگرمیاں-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org