0
Saturday 11 May 2019 18:41

تیرا پاکستان ہے نہ میرا پاکستان، یہ آئی ایم ایف کا پاکستان ہے، فاروق ستار

تیرا پاکستان ہے نہ میرا پاکستان، یہ آئی ایم ایف کا پاکستان ہے، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ تیرا پاکستان ہے نہ میرا پاکستان ہے، یہ آئی ایم ایف کا پاکستان ہے، لوگ مہنگائی، غربت، بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے جارہے ہیں، تباہی و بربادی کا عمل نہ روکا تو رمضان کے بعد عوام کو سڑکوں پر ہوں گے۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 22 اگست کیس میں اگلی تاریخ 25 مئی ملی ہے، شناخت پریڈ کا عمل آج کی سماعت میں ہوا ہے، اس مقدمے میں بھی باعزت بری ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ مہنگائی، غربت، بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے جارہے ہیں، معاشی بدحالی نہ رکی توعوام خود معاملات ہاتھ میں لے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے اوپر فسادات ہوتے نظر آرہے ہیں، اب ملک مزید تجربوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، تباہی و بربادی کا عمل نہ روکا تو رمضان کے بعد عوام کو سڑکوں پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو مسترد کردیا ہے، تحریک انصاف کی نااہلی لوگوں میں مایوسی کا سبب بنی ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا کڑا احتساب ہونا چاہیئے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کرپٹ عناصر کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہیئے، وفاق کو سندھ کے دیہی علاقوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ اس سے قبل کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں میڈیا ہاؤس کے دفتر پر حملے سے متعلق دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ فاروق ستار سمیت عامر خان، کنور نوید، شاہد پاشا و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، تفتیشی افسر گواہ جوڈیشل مجسٹریٹ کلیم اللہ بھی پیش ہوئے۔ ملزمان کے وکلاء نے گواہ پر جرح کی جو آئندہ سماعت پر بھی جاری رہے گی، جوڈیشل مجسٹریٹ کلیم اللہ نے 26 ملزموں کی شناخت پریڈ کی، عدالت کیس میں بانی ایم کیو ایم سمیت 9 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ کیس کی مزید سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی گئی۔
خبر کا کوڈ : 793651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش