0
Saturday 11 May 2019 18:51

خواتین کو سیدہ کائنات کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہوگا، فاطمہ زہرا کانفرنس

خواتین کو سیدہ کائنات کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہوگا، فاطمہ زہرا کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سالانہ سیدہ فاطمۃ الزہرہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ’’عورت کی عظمت، سیرت سیدہ کائنات کی پیروی میں ہے‘‘ کے موضوع پر الحمراء ہال لاہور میں ہونیوالی کانفرنس میں خواتین مقررین نے سیدہ کائنات کی شخصیت کو پوری انسانیت کیلئے کردار کی عظمت کا مینارہ نور قرار دیا۔ کانفرنس کی صدارت فضہ حسین قادری نے کی۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر بہبود خواتین آشفہ ریاض نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو آج سیدہ کائنات کے اسوہ سے اپنے عمل کی راہ متعین کرنا ہو گی، ماوں کو اپنی اولاد کی تربیت اس انداز میں کرنا ہو گی کہ ہماری آئندہ نسل حضرت فاطمۃ الزہرہ  کے نقش قدم پر چلے، سیدہ کائنات کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کیلئے ماوں کو اولاد کی تربیت کیلئے رہنما اصول سیدہ کائنات کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات نے امام حسن، امام حسین اور سیدہ زینب کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سیدہ فاطمۃ الزہرہ کے اسوہ پر چلنے والی ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے، عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضہ حسین قادری نے کہا کہ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ کائنات کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہوگا، اسی سے زوال عروج میں بدل سکتا ہے۔ ایسی شاندار کانفرنسز کا انعقاد اگلی نسلوں تک اہل بیت اطہار کے عظیم کردار کو پہنچانے کیلئے ضروری ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم (ص) ہر موقع پر سیدہ کائنات کو اپنے ساتھ رکھتے، تربیت کا یہ عظیم اصول آج ہمیں اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہو گا، اگلی نسلوں کو مقام سیدہ کائنات کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے، سیدہ کائنات وہ عظیم ہستی ہیں جن سے حضور (ص) کو خصوصی محبت تھی، سیدہ کائنات کی ذات کو مائیں، بہنیں اور بیٹیاں رول ماڈل بنا لیں اسی میں کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہرہ سیدہ کائنات اور سیدہ محشر ہیں، آپ حسن سیرت اور حسن بصیرت کا عظیم مرقع تھیں، زہد و تقویٰ میں بلند مقام رکھنے والی عابدہ، مجاہدہ اور سخی خاتون ہستی تھیں ،حضور (ص) نے سیدہ کائنات کو اپنے جگر کا ٹکرا قرار دیا۔ پرنسپل قرآن اکیڈمی ہما تقوی نے کہا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرہ  کی شخصیت کو آئیڈل بنائے بغیر مستقبل کو روشن بنانا ممکن نہ ہو سکے گا، سیدہ کائنات حضور اکرم (ص) کی لاڈلی بیٹی تھیں اور ان کی تربیت خود محسن انسانیت حضور(ص) نے فرمائی تھی، تعلیمات سیدہ کائنات پر عمل کرنے میں ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے۔ مذہبی سکالر صباحت رمضان سیالوی نے کہا کہ آج جس ہستی کی یاد میں یہ محفل انعقاد پذیر ہے اس عظیم ہستی کا تعلق حضور (ص) سے ہے اور ایسی ہستیوں کے تذکرے والی محفل سے ہر آنیوالا اپنے دامن مراد کو بھر کر لے جاتا ہے، سیدہ کائنات کا حسب نسب اور اخلاق سب سے اعلیٰ ہے۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ سیدہ کائنات  کانفرنس کا بنیادی مقصد سیدہ فاطمۃ الزہرہ کی سیرت و کردار کو بحیثیت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے اجاگر کرنا ہے تاکہ ان کے نقش قدم کو آج کی مسلم خواتین اپنے لیے مشعل راہ بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات کے اسوہ پر عمل کرکے ہی آج اسلام کیخلاف کی جانیوالی سازشوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہرہ کے اسوہ کی خیرات کے بغیر ہمیں کبھی کوئی کامیابی نہیں مل سکتی، کانفرنس سے سدرہ کرامت، عائشہ شبیر، فریدہ سجاد، شاہدہ مغل، عطیہ بنین، نبیلہ ظہیر، آمنہ بتول و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کی ترقی کیلئے دعاوں سے ہوا۔
خبر کا کوڈ : 793653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش