QR CodeQR Code

پاکستان نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری رکھنے سے انکار کر دیا

11 May 2019 19:10

عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے مینیجنگ ڈائریکٹر مبین صولت نے بتایا کہ فروری میں ایران نے باضابطہ طور پر پاکستان کو نوٹس جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر پاکستان نے مقررہ وقت میں اپنے علاقے میں پائپ لائن نہیں بچھائی تو ایران عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کریگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے ایران پر امریکی پابندیوں کے پیشِ نظر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری رکھنے سے انکار کر دیا۔ انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے مینیجنگ ڈائریکٹر مبین صولت نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے اس حوالے سے ایران کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ایران کے لیگل نوٹس کے لئے اگست تک کا وقت ہے اور امید ہے کہ ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرت کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا۔ مبین صولت نے مزید کہا کہ اس سے پہلے فروری میں ایران نے باضابطہ طور پر پاکستان کو نوٹس جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر پاکستان نے مقررہ وقت میں اپنے علاقے میں پائپ لائن نہیں بچھائی تو ایران عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں سابق صدر آصف زرداری نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح کیا تھا، ایران پاکستانی سرحد تک 900 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھا چکا ہے، جبکہ پاکستان کو اپنی سرزمین پر 800 کلو میٹر تک لائن بچھانا تھی، تاہم ایران نے اس معاملے کو ثالثی عدالت میں لے جانے کی دھمکی دی ہے، جو کہ عالمی قوانین کے اعتبار سے ایراان کے حق میں ہے۔


خبر کا کوڈ: 793658

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793658/پاکستان-نے-پاک-ایران-گیس-پائپ-لائن-منصوبے-پر-کام-جاری-رکھنے-سے-انکار-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org