0
Saturday 11 May 2019 22:42

ایران مخالف اقدامات پر روس کا امریکہ کو انتباہ، ایرانی دھاتوں کی برآمد پر نئی امریکی پابندیوں کی شدید مذمت

ایران مخالف اقدامات پر روس کا امریکہ کو انتباہ، ایرانی دھاتوں کی برآمد پر نئی امریکی پابندیوں کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز - روسی وزیر خارجہ سرگئے لاوروف نے اسلامی جمہوریہ ایران کی دھاتوں کی برآمدات پر عائد کی جانے والی نئی امریکی پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ روس، ایران کے ساتھ دوسرے ممالک کے سیاسی و اقتصادی تعاون کی فضا کو خراب کرنے کی کوششوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گا۔ سرگئے لاوروف نے مزید کہا کہ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ ایران کے ساتھ دوسرے ممالک کے مالی، اقتصادی و سیاسی تعاون کو مشکلات سے دوچار کرنے والے امریکی اقدامات کو بےاثر کرتے رہیں گے جبکہ امریکہ نے ایک مرتبہ پھر ایران پر نئی پابندیاں لگائی ہیں، ہم ان پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے (JCPOA) سے امریکہ کے یکطرفہ طور پر خارج ہونے کی سالگرہ کے موقع پر اس معاہدے کی افزودہ شدہ یورینیم اور بھاری پانی سے متعلق شقوں سمیت بعض شقوں پر عملدرآمد روکنے کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھی ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) پر گفتگو کی ہے۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا یہ ہنگامی اجلاس روس کی سربراہی میں سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے درمیان منعقد ہوا جس میں تہران کی طرف سے جوہری معاہدے (JCPOA) کی بعض شقوں پر عملدرآمد روکنے کا جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ اس اجلاس سے ایک دن قبل ہی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکہ کی طرف سے جوہری معاہدے کو ترک کرنے کی سالگرہ کے موقع پر 60 دنوں کے لئے افزودہ شدہ یورینیم اور بھاری پانی مزید نہ بیچنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یورپی ممالک نے ان 60 دنوں کے دوران جوہری معاہدے پر عملدرآمد شروع کر دیا تو ہم بھی اپنے معاہدے کے مطابق عمل کریں گے لیکن اگر ان 60 دنوں میں کوئی پیشرفت حاصل نہ ہوئی تو ایران دو مزید اقدامات بھی اٹھائے گا جبکہ ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی طرف سے اس اعلان سے قبل جوہری معاہدے میں شریک ممالک (جرمنی، برطانیہ، چین، روس اور فرانس) کے سفیروں کو سیکرٹری خارجہ سید عباس عراقچی کی طرف سے وزارت خارجہ طلب کر کے صدر اسلامی جمہوریہ ایران کا خط بھی دیا گیا۔


 
خبر کا کوڈ : 793688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش