0
Sunday 12 May 2019 13:36

آبپارہ تھانہ اسلام آباد میں عبدالرحمٰن معاویہ نامی شخص کی شکایت پر توہین مذہب کی رپورٹ درج

آبپارہ تھانہ اسلام آباد میں عبدالرحمٰن معاویہ نامی شخص کی شکایت پر توہین مذہب کی رپورٹ درج
اسلام ٹائمز۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے توہین مذہب کے الزام میں ایک شخص کو مقدمے میں نامزد کرلیا۔ آبپارہ پولیس کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر توہین مذہب سے متعلق ریمارکس پوسٹ کئے تھے۔ مذکورہ مقدمہ آبپارہ تھانے میں عبدالرحمٰن معاویہ نامی شخص کی شکایت پر درج کیا گیا۔ ملزم کے خلاف درج مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295 بی، 295 سی اور 298 اے کو شامل کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے فیس بک پر اپنی آئی ڈی کے ذریعے متعدد اسلامی شخصیات کے بارے میں توہین آمیز بیانات پوسٹ کیے تھے۔ شکایت گزار کی جانب سے ملزم کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی تھی، کیونکہ ملزم کے اقدام سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے تھے۔

ایف آئی آر میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملزم کے اس توہین آمیز رویئے سے نقص امن کا معاملہ بھی سامنے آسکتا تھا۔ آبپارہ تھانے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر غلام رسول کا کہنا تھا کہ کیس کی تحقیقات کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ مذکورہ کیس سینیئر افسران کو بھجوایا گیا ہے، تاکہ ان سے پولیس تحقیقات یا اسے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کرنے کی اجازت لی جاسکے، کیونکہ یہ سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اس کیس کی تحقیقات میں پولیس کو ایف آئی اے کی مدد درکار ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 793774
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش