QR CodeQR Code

وزارت خارجہ کو ایران سے تناؤ ختم کرنیکی ہدایت

پاکستان نے گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران کو جوابی خط بھیج دیا

12 May 2019 14:50

ایران کے نوٹس پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت انتہائی اہم اجلاس بھی ہوا جس دوران انہوں نے منصوبے سے متعلق ضروری احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے یورپی کونسل، اقوام متحدہ، امریکہ اور دیگر فورمز کو یاداشت بھیجنے کی ہدایت کر دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے وزارت خزانہ کو گیس منصوبے پر ایران کے ساتھ تناؤ ختم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق وزارت پیٹرولیم نے ایران کو خط کا جواب بھجوا دیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کا پابند ہے تاہم ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے پر منصوبہ مکمل کرلیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے نوٹس پر غور کے لیے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے ضروری احکامات جاری کیے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ، امریکا، یورپین کونسل سمیت دیگر فورمز کو قانونی یادداشت بھیجنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایران پر عالمی پابندیاں منصوبے پر ذمہ داریاں پوری کرنے میں رکاوٹ ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ایران کے ساتھ آئی پی گیس منصوبے کیلئے مفاہمتی طریقہ اختیار جائے اور ملکر منصوبے پر عمل درآمد کے امکانات تلاش کئے جائیں۔ وزیراعظم کی جانب سے وزارت خارجہ کو ایران کے ساتھ تناؤ ختم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی اداروں سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر واضح پوزیشن لی جائے اور ایران سے گیس کی قیمت خرید پر بھی نظرثانی کا عمل شروع کیا جائے۔ واضح رہے ایران نے 28 فروری 2019ء کو گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کے لئے نوٹس بھجوایا تھا جس میں کہا گیا کہ اگر پاکستان پائپ لائن مکمل نہیں کرتا تو عالمی عدالت انصاف جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 793784

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793784/پاکستان-نے-گیس-پائپ-لائن-منصوبے-پر-ایران-کو-جوابی-خط-بھیج-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org