0
Sunday 12 May 2019 19:24

پاراچنار، مرغی فروش یونین کا ضلعی انتظامیہ کے نامناسب رویے کیخلاف احتجاج

پاراچنار، مرغی فروش یونین کا ضلعی انتظامیہ کے نامناسب رویے کیخلاف احتجاج
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں مرغی فروش یونین کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے نامناسب رویے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے مین شاہراہ آمد و رفت کے لئے بند کردیا، تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں مرغی فروشوں نے ضلعی انتظامیہ کے نامناسب رویے سے تنگ آکر پاراچنار پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مین شاہراہ کو ہر قسم آمد و رفت کے لئے بند کردیا۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے یونین کے مشران سید عابد حسین، اقبال حسین، شریف حسین، حاجی گلفام اور دیگر نے بتایا کہ وہ اپنے گھروں کے چولہے جلانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر محنت مزدوری کرکے بمشکل ہزار، پندرہ سو روپے روز کماتے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف حیلوں اور ناقص صفائی کے بہانے پر ان سے آئے روز دس ہزار سے لیکر بیس ہزار روپے تک وصول کئے جاتے ہیں، جوکہ ان کی محنت پر کھلم کھلا ڈاکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پیسے وصول کئے جاتے ہیں بلکہ غریب مزدور کاروں کو گرفتار کرکے جیل بھی بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اعلی حکام سے اس حوالے سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کی جانب سے روڈ کی بندش کے بعد ڈی ایس پی نجف علی اور سٹی محرر اشتیاق حسین نے مذاکرات شروع کئے اور کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے روڈ کو آمد و رفت کے لئے کھول دیا اور پر امن طریقے سے منتشر ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 793813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش