QR CodeQR Code

وفاق المدارس الشیعہ نے دینی مدارس کو محکمہ تعلیم کے ماتحت کرنیکا اقدام خوش آئند قرار دیدیا

12 May 2019 21:40

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں نائب صدر علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ مدارس دینی تعلیم دیتے ہیں، انہیں وزارت تعلیم سے ہی منسلک ہونا چاہیے تھا۔ سابقہ حکومتوں نے مدارس کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ نہیں دی، لیکن موجودہ حکومت میں دینی مدارس کی قیادت کے مطالبات پر جو اقدام اٹھایا گیا ہے، قابل تحسین ہے۔ خاص طور پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہونیوالی ملاقاتیں خاصی مفید رہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے وفاقی کابینہ کے مدارس دینیہ کو وزارت تعلیم سے منسلک کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد تنظیمات مدارس اور پانچوں وفاق المدارس کا دیرینہ مطالبہ منظور کر لیا گیا ہے۔ فیصلے سے مدارس کی خود مختاری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ امید ہے کہ فیصلے کے نفاذ میں بھی کوئی عملی مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔ بیرون ملک سے غیر ملکی طلباء کیلئے بھی اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ 9 سال تک زیر تعلیم رہ سکتے ہیں۔ اسی طرح سے مدارس دینیہ کے بینک اکاونٹس کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ خفیہ ایجنسیوں کی غیر ضروری مداخلت اور مدارس سے پوچھ گچھ کا سلسلہ بھی بند ہو جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مدارس دینی تعلیم دیتے ہیں، انہیں وزارت تعلیم سے ہی منسلک ہونا چاہیئے تھا۔ سابقہ حکومتوں نے مدارس کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ نہیں دی، لیکن موجودہ حکومت میں دینی مدارس کی قیادت کے مطالبات پر جو اقدام اٹھایا گیا ہے، قابل تحسین ہے۔ خاص طور پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہونیوالی ملاقاتیں خاصی مفید رہیں۔ اس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ جس سے مسائل حل کرنے پر اتفاق رائے اور حتمی فیصلے تک پہنچنے میں خاصی مدد ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ مطالبہ باقی ہے، جو امید ہے کہ آئندہ اجلاسوں میں حکومت کیساتھ زیر بحث آئے گا کہ پانچوں وفاق المدارس کو ڈگری بھی دینے کا اختیار بھی ہونا چاہیئے۔

علامہ نیاز نقوی نے واضح کیا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن وفاقی وزارت تعلیم کے ساتھ ہوگی، جس کیلئے ملک بھر میں 10 رجسٹریشن مراکز قائم کئے جائیں گے۔ صوبائی محکمہ جات تعلیم سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، رجسٹریشن فارم اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کی مشاورت سے تیار کیا جائیگا۔ جس میں تمام ضروری معلومات ہوںگی۔ ایجنسیوں کے اہلکار اگر معلومات لینا چاہیں گے تو وہ وزارت تعلیم کے ذریعے لیں گے۔ وزارت تعلیم کیساتھ منسلک ہونے سے مدارس کی خود مختاری متاثر ہونے کے تاثر کو زائل کرتے ہوئے نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے پہلے مدارس کو محکمہ صنعت، وزارت داخلہ اور نیکٹا کیساتھ رجسٹرڈ کرنا غلط اقدام تھا، جو اب ختم ہو جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 793832

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/793832/وفاق-المدارس-الشیعہ-نے-دینی-مدارس-کو-محکمہ-تعلیم-کے-ماتحت-کرنیکا-اقدام-خوش-ا-ئند-قرار-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org