0
Monday 13 May 2019 11:27

گوادر، رات گئے جاری رہنے والے دھماکوں اور راکٹ حملوں سے پرل کانٹینینٹل ہوٹل کی عمارت کو شدید نقصان

گوادر، رات گئے جاری رہنے والے دھماکوں اور راکٹ حملوں سے پرل کانٹینینٹل ہوٹل کی عمارت کو شدید نقصان
اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں 2 روز قبل ہونے والے دہشت گردی کے حملے کے دوران رات گئے تک جاری رہنے والے دھماکوں اور راکٹ داغے جانے کے باعث پرل کانٹینینٹل ہوٹل کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ ہوٹل کی چوتھی منزل تباہ ہوچکی ہے کیونکہ حملہ آوروں نے اس منزل کے داخلی مقامات پر دھماکا خیز ڈیوائسز نصب کیں تھیں اور راکٹ بھی داغے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ فلور اور دیگر 3 منزلیں بھی سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلے میں تباہ ہوئیں۔ مقامی شہریوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب گولیوں اور دھماکوں کی آوازیں رات کی خاموشی میں گونج رہی تھیں جو علی الصبح تک جاری رہیں۔ حملے کے بعد گوادر کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا اور چائینیز پورٹ ہینڈلنگ کمپنی کے ملازمین اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے دیگر افراد کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔

سیکیورٹی حکام اور مقامی انتظامیہ نے گوادر کے کئی مقامات پر پولیس، انسداد دہشت گردی فورس، لیویز فورس، فرنٹیئر کور کے مزید اہلکار تعینات کیے ہیں، جبکہ پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ اس رپورٹ کی تیاری تک گوادر پورٹ اور دیگر اہم مقامات پر جانے والے راستے تاحال بند تھے اور کسی کو انہیں استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
خبر کا کوڈ : 793927
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش