QR CodeQR Code

چارسدہ میں محبت پانے کیلئے بیٹی نے والد پر زِنا کا الزام لگا دیا

13 May 2019 17:22

پولیس کے مطابق لڑکا لڑکی ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور آپس میں شادی کے خواہشمند ہیں مگر دونوں کے والدین اس پر راضی نہ تھے جس پر پریمی جوڑے نے انتہائی قدم اٹھا کر گھر سے فرار اختیار کی جبکہ لڑکے کے دباﺅ میں آکر لڑکی نے اپنے والد پر جنسی زیادتی کا خطرناک الزام لگایا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں محبت پانے کیلئے اپنے حقیقی والد پر زِنا بالجبر کا مقدمہ درج کروانے والی 13 سالہ لڑکی کو عاشق سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) نستہ فضل شیر خان کے مطابق 13 سالہ لڑکی نے پولیس اسٹیشن نستہ میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ اُس کے والد نے اُس سے زبردستی جنسی زیادتی کی ہے۔ رپورٹ کے بعد لیڈیز پولیس کی نگرانی میں لڑکی کو طبی معائنہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا اور اصل صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے ماہر پولیس آفسران پر مشتمل ٹیم نے لڑکی کے موبائل کا ڈیٹا حاصل کیا۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ لڑکی کا طاہر حسین نامی لڑکے سے تعلقات ہیں جس پر دونوں کو حراست میں لے کر اُن سے علیحدہ علیحدہ تفتیش کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور آپس میں شادی کے خواہشمند ہیں مگر دونوں کے والدین اس پر راضی نہ تھے جس پر پریمی جوڑے نے انتہائی قدم اٹھا کر گھر سے فرار اختیار کی جبکہ لڑکے کے دباﺅ میں آکر لڑکی نے اپنے والد پر جنسی زیادتی کا خطرناک الزام لگایا۔ ڈی ایس پی فضل شیر خان کے مطابق پولیس کی بروقت کارروائی اور تفتیشی ٹیم کی اعلٰی کارکردگی کی وجہ سے باپ پر جنسی زیادتی کا الزام غلط ثابت ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں لڑکی کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پر اس نے حلق بہ قرآن تحریری بیان ریکارڈ کرایا کہ اُس نے اپنے والد پر جنسی زیادتی کا الزام اپنی پسند کی شادی رچانے کیلئے لگایا تھا۔ دوسری جانب ملزم طاہر حسین نے نستہ تھانے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جیل سے نکل کر وہ لڑکی سے ضرور شادی کرے گا کیونکہ انہیں یقین ہے کہ مسماۃ(ش) میرے علاوہ کسی سے شادی نہیں کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 794003

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794003/چارسدہ-میں-محبت-پانے-کیلئے-بیٹی-نے-والد-پر-ز-نا-کا-الزام-لگا-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org