0
Monday 13 May 2019 21:18

ملک کے کئی مزارات پر حملے ہوئے لیکن اصل مجرموں اور سہولتکاروں کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی، جماعت اہلسنت

ملک کے کئی مزارات پر حملے ہوئے لیکن اصل مجرموں اور سہولتکاروں کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی، جماعت اہلسنت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پنجاب کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نشان عبرت بنایا جائے بلکہ سکیورٹی کے انتظامات میں کوتاہی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، جماعت اہلسنت کے رہنماؤں نے وفاقی وزیر فواد چوہدری سے کہا ہے کہ وہ رویت ہلال کمیٹی کے معاملات میں مداخلت بند کریں، کیونکہ یہ آئینی ادارہ ہے، رمضان المبارک اور عیدین کے لئے چاند دیکھنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی، جماعت اہلسنت سپریم کونسل کے رکن وسیم ممتاز ایڈووکیٹ، ملتان ڈویژن کے آرگنائزر علامہ پیر سید رمضان شاہ فیضی، ناظم اعلیٰ ملتان صاجبزادہ قاری مطیع الرسول سعیدی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر چند سال قبل اس دربار پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کے مجرموں کے خلاف کاروائی کی جاتی تو آج یہ سانحہ رونما نہ ہوتا، ستم یہ ہے کہ شدید گرمی میں ایک نوجوان گرم کوٹ پہن کر داتا دربار کے ارد گرد گھومتا رہا، سوشل میڈیا پر اس کی فوٹیج موجود ہے، لیکن سکیورٹی ادارے اور سکیورٹی کیمروں کے ذریعے اردگرد نظر رکھنے والے نہ جانے کہاں گم تھے۔

خودکش بمبار نے دندناتے ہوئے کارروائی کی، یہ کارروائی قیامت صغریٰ سے کم نہیں تھی، جس کی ذمہ داری متعلقہ وزراء اور سکیورٹی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ملک کے کئی مزارات پر حملے ہوئے لیکن اصل مجرموں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی ایک آئینی ادارہ ہے، جس کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کوئی تنخواہ نہیں لے رہے، صرف کراچی جانے والے دیگر ممبران کو سفر اور رہائش کی سہولت دی جاتی ہے، اس کمیٹی کے حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے اعتراض کا کوئی جواز نہیں ہے، کیونکہ یہ ادارہ قومی سرمائے کے ضیاع کا باعث نہیں بن رہا۔
خبر کا کوڈ : 794029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش