0
Monday 13 May 2019 21:28

ملتان، پیپلزپارٹی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی

ملتان، پیپلزپارٹی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی و ضلع کی طرف سے بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور 18ویں ترمیم و صوبائی خود مختاری پر کی جانے والی حکومتی سازشوں اور حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی ہدایت پر سٹی صدر ملک نسیم لابر کے زیراہتمام کچہری چوک پر احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر خواجہ رضوان عالم نے خصوصی شرکت کی، مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ رصوان عالم، سیکرٹری تعلقات عامہ بابو جنوبی پنجاب نفیس انصاری، ڈویڑنل صدر خالد حنیف لودھی، سٹی صدر ملک نسیم لابر، ضلعی صدر میاں کامران عبداللہ مڑل، ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ، پی ایل ایف جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ، سابق ایم پی اے عثمان بھٹی، ممبر پنجاب کونسل ملک ارشد اقبال بھٹہ، ممبر پنجاب کونسل سید غلام مصطفیٰ گیلانی، ممبر پنجاب کونسل رانا نیک محمد زاہد، خواتین ونگ جنوبی پنجاب کی سینیئر نائب صدر راضیہ رفیق، سینیئر رہنما مرزا عزیز اکبر بیگ ایڈووکیٹ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 ماہ میں تبدیلی کے دعوے داروں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، آئے روز مہنگائی کی صورت میں معاشی بم گرا کر غریب عوام سے روٹی کا نوالہ چھینا جا رہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت کی عوام دشمن پالیسی کو عیاں کرتا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام کا غربت و بے روزگاری کی وجہ سے جینا محال ہوچکا ہے، لیکن موجودہ حکومت کو اس کی کوئی پروا نہیں اور وہ بجائے عوام کو ریلیف دینے کے اپنے سیاسی مخالفوں کو نیب گردی کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر اپنی نااہلی و نالائقی کو چھپانے کی ناکام کوشش میں لگی ہوئی ہے، لیکن ہم آج کے دن سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمہ فوری طور پر کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے اور 18ویں ترمیم و صوبائی خود مختاری کے خلاف جو سازشیں ہو رہی ہیں، ان کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور اگر حکومت نے اپنی ان سازشوں کو ختم نہ کیا تو پھر نااہل و نالائق حکومت جان لے کہ بیساکھیوں کے سہارے چلنے والی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکے گی، کیونکہ پیپلزپارٹی کا ہر عہدیدار ہر کارکن اب اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قیادت میں تمھارے خلاف سراپا احتجاج بن چکا ہے، اس لئے بہتر ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی عوام سے کئے گئے جھوٹے وعدوں پر قوم سے معافی مانگو، کیونکہ تمھاری غلط پالیسیوں کی بدولت آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آئے روز عمران احمد نیازی کے 23 سالہ ڈرامے کی حقیقت عوام پر عیاں ہو رہی ہے، اس 23 سالہ جھوٹی اور پروپیگنڈہ کی سیاست پر مبنی عوام کو بے وقوف بنانے کا جو کھیل تحریک انصاف نے کھیلا، اس سے ثابت ہوگیا کہ یہ تحریک انصاف نہیں بلکہ تحریک انتقام ہے، جو کہ عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے، اس لئے تحریک انصاف کو اپنا یوم تاسیس منانے کے بجائے یوم سیاہ منانا چاہیئے، ہم آج کے احتجاجی مظاہرہ میں موجودہ سلیکٹڈ حکومت کے وزیراعظم عمران احمد نیازی اور اس کی نااہل کابینہ کو یہ بھی باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اگر تم نے اپنا قبلہ درست نہ کیا عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری طور پر یعنی ہنگامی بنیادوں پر پالیسی مرتب نہ کی تو پھر احتجاج کا یہ سلسلہ اب رکنے والا نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 794031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش