0
Monday 13 May 2019 22:50

خان حکومت نے 6 ارب ڈالر قرضوں کے بدلے غریب عوام پر مہنگائی کا سونامی مسلط کردیا ہے، یونس دانش

خان حکومت نے 6 ارب ڈالر قرضوں کے بدلے غریب عوام پر مہنگائی کا سونامی مسلط کردیا ہے، یونس دانش
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے مرکزی میڈیا کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد یونس دانش نے کہا ہے کہ خان حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے، 6 ارب ڈالر قرضوں کے بدلے غریب عوام پر مہنگائی کا سونامی مسلط کردیا گیا ہے، دال سبزی سے لے کر اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، بجلی گیس پیٹرول کی گرانی کا جن سرچڑھ کر بول رہا ہے جمہوریت کو گرہن لگ گیا، منتخب نمائندوں کی بجائے آئی ایم ایف کے ملازم پاکستان کی نمائندگی کرنے لگے۔ ایک بیان میں محمد یونس دانش نے کہا کہ معاہدہ اور مذاکرات آئی ایم ایف نمائندوں کے درمیان ہوئے بوجھ ملک اور قوم پر پڑے گا، قرضوں کے سونامی سے تبدیلی آچکی ہے جس کے اثرات پورے میں دیکھے جاسکتے ہیں، روزہ داروں کا سحر اور افطار کا بجٹ مشکل ترین ہوگیا ہے، ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح کو پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 60 فیصد سے زائد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے، جسے پینے کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کی فراہمی کا ڈرامہ بے نقاب ہوچکا ہے، قرضوں کے سونامی سے معیشت تباہ،عوام بدحال اور ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ دم توڑ رہا ہے، سونامی خان کے تمام دعوےٰ اور وعدے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں، نہ لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، نہ گرانی کا سیلاب روک سکا بلکہ ملک کو قرضوں کے سونامی کے ذریعہ عوام کا بھرکس نکالنے اور اشرفیہ کو نوازنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر اسلامی اقدار اور شریعت محمدی (ص) کو مٹایا جارہا ہے، اسلام کے نام پر قائم ہونے والے ملک میں مسلمان ہونا اور اسلام قبل کرنا مشکل ترین بنادیا گیا، مدارس کے گرد گھیرا تنگ اور علماء کرام کی کردار کشی وزراء کا اہم مشغلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارلیمانی جماعتیں موجود صورحال کی ذمہ دار ہیں، اپوزیشن عوام کی حقیقی ترجمانی کرنے سے قاصر نظر آتی ہے، ٹیکسوں کا بوجھ اور گرانی کا سونامی سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں جس سے ملک میں بے امنی، بے چینی اور افراتفری میں اضافہ کا خدشہ ہے، محب وطن قوتیں ملک کو آئی ایم ایف کی دلدل سے نکالنے اور حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 794048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش