QR CodeQR Code

ترقی کے سفر میں ہم سب نے ملکر آگے بڑھنا ہے، مشتاق منہاس

14 May 2019 10:11

اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا زیادہ تر افواہوں اور جھوٹی خبروں کی آماجگاہ بن چکا ہے اس لئے سوشل میڈیا کی خبروں کو بنیاد بنا کر کسی قسم کا ردعمل نہ دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا زیادہ تر افواہوں اور جھوٹی خبروں کی آماجگاہ بن چکا ہے اس لئے سوشل میڈیا کی خبروں کو بنیاد بنا کر کسی قسم کا ردعمل نہ دیا جائے۔ اپنے خصوصی بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ میری اپنے تمام ساتھیوں سے گذارش ہے کہ سوشل میڈیا میں ایسی خبروں افواہوں کی حوصلہ شکنی کی جائے جو سیاسی عدم استحکام کا باعث بنیں اور آزادکشمیر میں قائد پاکستان محمد نواز شریف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز اور ان کی حکومت پر کسی قسم کا حرف آئے۔ انہوں نے کہا ترقی کے سفر میں ہم سب نے ملکر آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا آجکل سوشل میڈیا افواہوں پر مشتمل ہے جو خبر کہیں نہ چل سکے اسے سوشل میڈیا کی زینت بنا کر پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص جماعت کے سینئر قائدین کے لئے احسن انداز اختیار کیا جائے اور بڑوں کی کسی بھی بات کا برا نہ منایا جائے یہی ایک بہترین کارکن کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا ادب ایک اہم سیڑھی ہے جس پر زینہ بزینہ چڑھنے والا ہی کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا صارفین سے بھی کہتا ہوں کہ وہ بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔


خبر کا کوڈ: 794091

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794091/ترقی-کے-سفر-میں-ہم-سب-نے-ملکر-آگے-بڑھنا-ہے-مشتاق-منہاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org