QR CodeQR Code

شام کا سلامتی کونسل سے اپنے فرائض کی انجام دہی کا مطالبہ

14 May 2019 15:43

شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو امریکی و مغربی حمایت یافتہ مسلح گروپ QSD (شامی ڈیموکریٹک فورسز) کی شام کے شمال مشرقی علاقوں میں دہشتگردانہ کارروائیوں پر اپنا وظیفہ نبھانے کی دعوت دی ہے۔


اسلام ٹائمز - شامی میڈیا کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری "انٹونیو گوٹیئرس" اور سلامتی کونسل کے موجودہ چیئرمین ملک کے نام الگ الگ خطوط لکھے ہیں جن میں شامی وزارت خارجہ نے امریکی و مغربی حمایت یافتہ مسلح گروپ "شامی ڈیموکریٹک فورسز" (QSD) کے شام کے شمال مشرقی علاقوں میں شامی عوام پر دہشتگردانہ حملوں کو سنگین جرم اور خیانتکاری قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا یے کہ سلامتی کونسل ان دہشتگردانہ اقدام پر جلسہ بلائے اور مزید ایسے اقدامات کو وقوع پذیر نہ ہونے دے۔


شامی وزارت خارجہ کے اعلان کے مطابق امریکی اتحادی فورسز کے جنگی طیاروں نے 9 مئی 2019ء کو "دیرالزور" کے نواح میں واقع شامی شہر "شحیل" پر اندھا دھند بمباری کر کے ایک ہی خاندان کے 7 غیرفوجی شہریوں کا قتل عام کر دیا تھا۔ شامی وزارت خارجہ نے مزید لکھا کہ شامی شہریوں کے قتل عام کی اس جیسی دوسری کارروائیوں، جن میں سے بعض امریکی و مغربی حمایت یافتہ گروپ "شامی ڈیموکریٹک فورسز" (QSD) کے ہاتھوں انجام دی جاتی ہیں، کا مقصد شام کے باعزت اور غیور شہریوں کو جو اپنے مطالبات اور شامی حکومت کے ان کے علاقوں میں واپسی کے خواہاں ہیں، دہشتگردوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے لکھا کہ شامی ڈیموکریٹک فورسز (QSD) کے مسلح گروپس اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں غریب عوام کے تعلیم، پینے کے صاف پانی اور غذا کے مطالبے کا جواب گولی اور انفراسٹرکچر کی تباہی سے دیتے ہیں جس سے امریکی سربراہی میں قائم بین الاقوامی اتحاد کی سیاست کو رواج دینے میں شامی ڈیموکریٹک فورسز (QSD) کا کردار واضح طور پر عیاں ہوتا ہے۔ شامی وزارت خارجہ نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے وظائف پر عملدرآمد کرتے ہوئے امریکہ و مغربی ممالک کو اپنی اُن قراردوں پر عملدرآمد کرنے کا پابند بنائے جو شام کی سالمیت، حاکمیت اور استقلال پر تاکید کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ شامی ڈیموکریٹک فورسز (QSD) نے گزشتہ 10 دنوں کے اندر شام کے مشرق میں واقع صوبہ "دیرالزور" کے نواحی علاقوں میں بیگناہ شہریوں کو قتل کرنے کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔ شام کے شمال مشرق اور صوبہ "دیرالزور" کے شمالی علاقوں میں شامی ڈیموکریٹک فورسز (QSD) کے عوام پر شدید دباؤ کی وجہ سے  وہاں کے حالات بحرانی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ بیگناہ شہریوں کا اغواء اور قتل، بم دھماکے، ناامنی اور عدم استحکام ان مسائل میں سے ایک ہیں جن پر ان علاقوں کے رہائشی عوام بارہا احتجاج کر چکے ہیں جبکہ ہر مرتبہ شامی ڈیموکریٹک فورسز (QSD) کے ہاتھوں ان کے پرامن احتجاجات کو بری طرح کچلا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل امریکی افواج شامی حکومت کی اجازت کے بغیر ہی شام کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو گئی تھیں اب جہاں انہوں نے اپنی چھاؤنیاں بنا رکھی ہیں جبکہ شامی حکومت بارہا ان غیرملکی افواج کے شامی سرزمین سے نکل جانے کا مطالبہ کر چکی ہے لیکن لگتا ایسا ہے کہ اسرائیل کے مفاد کی خاطر شام کے شمال مشرقی علاقے میں موجود امریکی اس علاقے کے عوام کے اندر اثرونفوذ پیدا کر کے اس علاقے کو شام سے جدا کرنا چاہتے ہیں کیونکہ کچھ عرصہ قبل ہی امریکیوں کی طرف سے علاقے کے قبائل کو ایک مشترکہ کانفرنس میں بلایا گیا تھا جسے شامی حکومت کی طرف سے ملک کے ساتھ خیانت اور ملک کو توڑنے کی سازش قرار دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 794193

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794193/شام-کا-سلامتی-کونسل-سے-اپنے-فرائض-کی-انجام-دہی-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org