QR CodeQR Code

قطر نے پاکستانی باسمتی چاول پہ پابندی لگا دی ہے، شاہ محمود قریشی

14 May 2019 16:21

قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے بتایا کہ دو پاکستانی میاں بیوی ڈرگز کی وجہ سے سعودی عرب میں پکڑے گئے اور ان کو سزا ئے موت ہو گئی ان کی سات سالہ معصوم بچی، جو ان کے ہمراہ تھی اس بچی کو ہم سفارتی کوششوں سے واپس لائے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے باسمتی چاول کی درآمد سے متعلق بھی بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ قطر نے باسمتی چاول کی برآمدات کے لیے کچھ شرائط رکھی تھیں۔ ان میں سے ایک شرط یہ بھی ہے کہ باسمتی چاول انڈین ہونا چاہئیے۔ باسمتی چاول پاکستان کا ہے اور بھارت پاکستانی چاول کو ہی آگے بھیج رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ قطر نے پاکستانی باسمتی چاول پر پابندی لگادی ہے۔ ہم نے یہ معاملہ قطر کے ساتھ اٹھایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خوراک و زراعت میں بھی بہت سی خامیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل قریب میں قطر کے امیر کی آمد متوقع ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن اربوں ڈالر کا منصوبہ ہے جسے ہم آگے لے جانا چاہتے ہیں لیکن مسئلہ پابندیوں کا ہے یہ رکاوٹ تھرڈ پارٹی کی طرف سے ہے لیکن ہم یہ مسئلہ بھی ایران کے ساتھ اٹھا رہے ہیں۔ روس پر بھی پابندیاں ہیں چین پر بھی امریکہ نے ٹیرف میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے جس سے امریکہ اور چین کے مابین تجارت بہت حد تک متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کچھ وہ قیدی ہیں جو ڈرگز اور سنگین مقدمات میں مقید ہیں ہم نے ان کی بابت کوئی رعایت طلب نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے جرائم خفیہ، چھوٹے جرائم جن میں جرمانہ کی عدم ادائیگی کے سبب پاکستانی جیلوں میں قید ہیں جن کی بابت وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران درخواست کی جس پر 2107ء قیدیوں کی رہائی پر انہوں نے آمادگی ظاہر کی اب ویری فیکیشن کا عمل چل رہا ہے انشاء اللہ جلد رہائی عمل میں آ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دو پاکستانی میاں بیوی ڈرگز کی وجہ سے سعودی عرب میں پکڑے گئے اور ان کو سزا ئے موت ہو گئی ان کی سات سالہ معصوم بچی، جو ان کے ہمراہ تھی اس بچی کو ہم سفارتی کوششوں سے واپس لائے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری تارکین وطن کی لیبر کلاس ہمارے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ وہ محنت کر کے پیسہ پاکستان بجھوا رہے ہیں ان کی فلاح و بہبود کیلئے ہم نے کونسلر سروسز کو بہتر بنانے کی خصوصی ہدایت کی ہے اور جن افسران کا رویہ نامناسب تھا ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔


خبر کا کوڈ: 794197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794197/قطر-نے-پاکستانی-باسمتی-چاول-پہ-پابندی-لگا-دی-ہے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org