0
Tuesday 14 May 2019 17:08

امیر مقام کے بیٹے کا جسمانی ریمانڈ منظور

امیر مقام کے بیٹے کا جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام ٹائمز۔ اینٹی کرپشن عدالت نے کرپشن کے الزام میں گرفتار امیر مقام کے بیٹے کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے حکام نے نون لیگی رہنما امیر مقام کے بیٹے اشتیاق مقام کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لئے اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کیا، جہاں ایف آئی اے کی جانب سے 7 دن کاجسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے استفسار کیا کہ پہلے پچھلے تین دنوں کی پیش رفت رپورٹ بتائیں، جس پر ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ایک سال کا پراجیکٹ 10 سال میں بھی مکمل نہ کرسکے، جس کے باعث قومی خزانے کو 2 ارب روپے کا نقصان ہوا، جس پر اشتیاق مقام کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے جھوٹا الزام لگایا گیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اشتیاق مقام و دیگر کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے حکام کے حوالے کردیا ہے۔

دوسری جانب بیٹے کی گرفتاری پر ردعمل میں امیر مقام کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزیر مواصلات کے ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، عمران خان اور اس کے چہیتے مراد سعید کی ایما پر میرے خلاف اداروں کو استعمال کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو عمران خان کی خوشنودی کیلئے نہیں سچائی اور ثبوتوں کے مطابق قانونی تقاضے پورے کرنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ شب ایف آئی اے نے شانگلہ الپوری روڈ میں مبینہ کرپشن کے الزام میں لیگی رہنما امیر مقام کے بیٹے کو گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق کرپشن انکوائری مکمل ہونے کے بعد امیر مقام کے بیٹے اشتیاق سمیت دیگر پانچ ٹھیکیداروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انکوائری کے مطابق پراجیکٹ امیر مقام اینڈ کمپنی کو 850 ملین میں ایک سال میں مکمل کرنا تھا پراجیکٹ 10 سال بعد بھی نامکمل رہا اور تخمینہ 2800 ملین سے تجاوز کر چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 794198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش