QR CodeQR Code

درود و سلام پڑھنے والے ہی اسلام و پاکستان کے سچے سپاہی ہیں، شاہ عبدالحق قادری

14 May 2019 23:40

کراچی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت کے امیر نے کہا کہ س وقت غیر یقینی صورتحال نے پوری قوم کو متاثر کر رکھا ہے، ہوشربا مہنگائی، بے روزگاری مایوسی کی جانب دھکیل رہی ہے، آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے تحت پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ حکمرانوں کا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا ہے کہ اسلام امن و محبت، رواداری، مساوات، اخوت، عفو درگزر، بھائی چارے کا مجموعہ ہے، ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر مال، جان اور عزت کی پامالی حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت اسوہ رسول کو نمونہ حیات بنالے تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کو زیر نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ٹاؤن، قائدآباد بن قاسم میں جماعت اہلسنّت کے عہدیداران و کارکنان کے منعقدہ اجلاس میں کیا۔ شاہ عبدالحق نے مزید کہا کہ کہ درود و سلام پڑھنے والے اور بزرگان دین سے نسبت رکھنے والے ہی اسلام و پاکستان کے سچے سپاہی ہیں، اہلسنّت پاکستان کا پرُامن طبقہ ہے، وطن عزیز کی حفاظت کیلئے بھرپور صلاحیت اور ناقابل تردید قوت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مالیاتی اداروں کے سودی قرضوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی، خیر و برکت کے راستے مسدود کردیئے ہوں۔

شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ اس وقت غیر یقینی صورتحال نے پوری قوم کو متاثر کر رکھا ہے، ہوشربا مہنگائی، بے روزگاری مایوسی کی جانب دھکیل رہی ہے، آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے تحت پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ حکمرانوں کا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے، بھاری سودی قرضوں کے بوجھ لاد کر قوم کی مشکلات نہ بڑھائی جائیں۔ انہوں نے جماعت اہلسنّت کے کارکنان کو ہدایت کی کہ مایوسی اور سُستی چھوڑ کر دینی کام کو مضبوط اور مربوط بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔


خبر کا کوڈ: 794267

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794267/درود-سلام-پڑھنے-والے-ہی-اسلام-پاکستان-کے-سچے-سپاہی-ہیں-شاہ-عبدالحق-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org