0
Friday 17 Jun 2011 18:39

میڈیا صحیح معنوں میں عوام اور علاقے کی نمائندگی کا حق ادا کرے، ڈاکٹر نجمہ نجم

میڈیا صحیح معنوں میں عوام اور علاقے کی نمائندگی کا حق ادا کرے، ڈاکٹر نجمہ نجم
گلگت:اسلام ٹائمز۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر نجمہ نجم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں صحافیوں نے نمایاں کردار ادا کیا ہے لیکن خطے میں اسوقت ترقی آئیگی جب میڈیا صحیح معنوں میں عوام اور علاقے کی نمائندگی کا حق ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے زیر اہتمام "گلگت بلتستان کی ترقی میں میڈیا کا کردار" کے عنوان سے منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا وائس چانسلر نے کہا کہ میڈیا لوگوں کی سوچ، رویوں یہاں تک کہ فطرت میں تبدیلی لاتا ہے، تاہم یہ مثبت اور بامقصد میڈیا سے مشروط ہے۔ اس وقت ملکی صورتحال کے تناظر میں دیکھا جائے تو میڈیا کا کردار زیادہ قابل تعریف نہیں کیونکہ اس شعبے میں نان پروفیشنل لوگوں کی تعداد میں کچھ زیادہ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث میڈیا مجموعی طور پر اپنے راستے سے ہٹ گیا ہے۔ میڈیا کو چھوٹے چھوٹے معاملات، واقعات اور خیالات کو شہ سرخیوں کی زینت بنانے کی بجائے زمینی حقائق کی روشنی میں مسائل کو اُجاگر کرنا چاہیئے۔ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ میڈیا کے چئیرمین اور ڈین آف سوشل سائنسز ڈاکٹر شفیق جالندھری نے کہا کہ ملک کے دوسرے شہروں کی نسبت گلگت بلتستان میں تعمیری اور مثبت صحافت کا رجحان پایا جاتا ہے۔ میڈیا کا بنیادی مقصد اور کردار لوگوں تک صحیح معلومات کی رسائی اور مسائل کو اُجاگر کرنا ہے اگر میڈیا کے نمائندے عوام الناس تک غلط معلومات اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کریں تو میڈیا کا کردار ہی فوت ہو جاتا ہے۔ 
سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی سعادت علی مجاہد نے کہا کہ میڈیا کا کام سچائی اور حقیقت پر مبنی معلومات کو اجاگر کرنا ہے، سنی سنائی باتوں پر بلا تحقیق سٹوری بنانا میڈیا کے بنیادی اُصولوں کے خلاف ہے اس لئے صحافیوں کو چاہیئے کہ کوئی بھی خبر دینے سے پہلے اس کے بارے میں صحیح معلومات ضرور حاصل کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ میڈیا حقیقت میں معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتا ہے جو معاشرتی اونچ نیچ اسے نظر آتی ہے اُجاگر کرتا ہے بلکہ اس کے ممکنہ حل بھی بتا دیتا ہے۔ سیمنار سے اسسٹنٹ پروفیسر سلطان احمد، ریڈیو پاکستان کے اسٹیشن ڈائریکٹر آفتاب محمود، اے کے آر ایس پی کے ذوالفقار علی، ڈبلیو ڈبلیو ایف کے فراست علی اور طلبہ و طالبات نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 79432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش