QR CodeQR Code

امیر مقام کو اپنے قائد کیساتھ کھڑے ہونیکی سزا مل رہی ہے، حمزہ شہباز

15 May 2019 12:32

اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کیا پتہ کہ وفادار کارکن، عوام کی محبت اور اللہ تعالی پر بھروسے کا کیا انعام ہے، امیر مقام مسلم لیگ (ن) کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان پر مصیبت آنے کیوجہ انکی سچائی اور نواز شریف کا ساتھی ہونا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کے بیٹے اور کزن کی گرفتاری پر حمزہ شہباز بھی بول پڑے۔ ان کا کہنا ہے کہ امیر مقام کو اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا مل رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کے فرزند اور کزن کی گرفتاری اور ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کیا پتہ کہ وفادار کارکن، عوام کی محبت اور اللہ تعالی پر بھروسے کا کیا انعام ہے۔ امیر مقام مسلم لیگ (ن) کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان پر مصیبت آنے کی وجہ ان کی سچائی اور نواز شریف کا ساتھی ہونا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب انتقامی سیاست کو اگلی نسلوں تک نہ لے جائیں، کم ظرف سیاست نہ کریں اور خدا کا خوف کریں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت، رہنما اور کارکنان ملک و قوم سے وفاداری، اس کے مفادات کی چوکیداری اور سچ کا پہرہ دیتے رہیں گے، خواہ کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جھوٹوں، تہمتیں لگانے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا ہے، جھوٹ کا پل دو پل کا اُجالا دکھایا گیا۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اُس کا بدلہ عمران نیازی اداروں کو استعمال کر کے سیاسی مخالفین سے لے رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 794333

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/794333/امیر-مقام-کو-اپنے-قائد-کیساتھ-کھڑے-ہونیکی-سزا-مل-رہی-ہے-حمزہ-شہباز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org